نیول چیف کی سعودی ہم منصب سے ملاقات،دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال

  نیول چیف کی سعودی ہم منصب سے ملاقات،دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال

  



کراچی(آئی این پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سعودی عرب میں انٹرنیشنل میری ٹائم فورم میں شرکت کی، نیول چیف نے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے بھی خصوصی ملاقات کی۔تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سعودی عرب کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے۔ نیول چیف نے پہلے سعودی انٹرنیشنل میری ٹائم فورم میں شرکت کی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کو فورم کے دوسرے سیشن کا مہمان اعزازی بنایا گیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے فورم سے خطاب بھی کیا۔ترجمان کے مطابق 3روزہ انٹرنیشنل فورم میں 13ممالک کی بحری قیادت شرکت کر رہی ہے، فورم کے دوران علاقائی سمندری تحفظ پر بات چیت ہوئی جبکہ سمندری ماحول میں تبدیلی کے اثرات اور میری ٹائم انڈسٹری کو درپیش چیلنجز پر بھی بات ہوئی۔نیول چیف نے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے بھی خصوصی ملاقات کی جبکہ فورم میں شریک دیگر ممالک کے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے سمندری تحفظ اور امن یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔

نیول چیف

مزید : صفحہ آخر