پی ٹی آئی نے اکاؤنٹس بارے تفصیلات عدالت میں جمع کرا دیں، فرخ حبیب

پی ٹی آئی نے اکاؤنٹس بارے تفصیلات عدالت میں جمع کرا دیں، فرخ حبیب

  



اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و پارلیمانی سیکرٹری ریلویز فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے جو فارن فنڈنگ کا گڑھا تحریک انصاف کیلئے کھودا تھا اس پر وہ خود گرنے والی ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) غیر ملکی نیب اکاؤنٹس ہیں اور خدشہ ہے کہ منی لانڈرنگ کیلئے بھی استعمال ہوئے ہیں، اپوزیشن کی رہزن کمیٹی چاہتی ہے کہ ڈاکوؤں اور چوروں کو آزادی مل جائے، الیکشن کمیشن کی بڑی ذمہ داری ہے کہ جو ٹی او آرز تحریک انصاف کیلئے بنائے ہیں ان پر ہی تمام سیاسی جماعتوں کی جانچ پڑتال کی جائے۔ پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری ریلویز فرخ حبیب نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے فارن فنڈنگ کیس کا گڑھا تحریک انصاف کیلئے کھودا ہے اس میں وہ خود گرنے والے ہیں کیونکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون کے فارن فنڈنگ کیس بھی الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہیں جبکہ دونوں جماعت کے وکلاء الیکشن کمیشن میں پیش تک نہیں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام اکاؤنٹس کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں اور تحریک انصاف نے اپنے تمام اکاؤنٹس کی تفصیلات عدالت میں جمع کرا دی ہیں اور وزیراعظم نے اپنے تمام اثاثے ظاہر کئے ہوئے ہیں۔فرخ حبیب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے کئی خفیہ اکاؤنٹس ہیں اور خدشہ ہے کہ انہیں منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے اکاؤنٹس کو جانچ پڑتال کی جائے اور ایک ہی ٹی او آرز پر تمام سیاسی جماعتوں کی جانچ پڑتال کی جائے۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے اکاؤنٹس میں بہت سی آن لائن رقوم منتقل ہوئی ہیں، مسلم لیگ(ن)برطانیہ میں بطور لمیٹڈ کمپنی رجسٹرڈ ہے، مسلم لیگ (ن) برطانیہ سے کتنا پیسہ پاکستان آیا اس کاجواب نہیں دیا گیا۔

فرخ حبیب

مزید : صفحہ آخر