حکومتی بیماریاں بڑھتی جار ہی ہیں، تشویشناک حالت کے باعث وینٹی لیٹر پر جاسکتی ہے: سراج الحق
لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کی بیماریاں دن بد ن بڑھتی جارہی ہیں۔ حکومت تشویشناک حالت کی بنا پر وینٹی لیٹر پر جاسکتی ہے۔ وزراء اور حکومتی ڈاکٹرز قوم کے ساتھ مسلسل مذاق کر رہے ہیں۔ وزیر تجارت نے وزیراعظم کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے اور کہاہے کہ ابھی عوام کو دو سال تک مہنگائی کا عذاب جھیلنا پڑے گا اور حکومت کے پاس بے روزگاروں کو نوکریاں دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ کشمیر سے بے وفائی کرنے والوں کا قوم محاسبہ کرے گی۔ حکمران احتساب کے لیے تیار رہیں۔ حکمران کشمیری ماؤں، بہنوں،بیٹیوں کی پکار پر صم بکم عمی بنے ہوئے ہیں۔ حکمران بے حسی اور بے حمیتی کی چادر اوڑھ کر سو رہے ہیں۔ انہیں خواب غفلت سے جگانے کے لیے 22 دسمبر کو ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ اسلام آباد پہنچیں گے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کشمیر مارچ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ہونے والے مرکزی و صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مرکزی نظم اور امرائے صوبہ شریک تھے۔اجلاس میں اسلام آباد کشمیر مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ کشمیر مارچ میں ملک بھر سے کارکنان اور عوام کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عدالت کے اند ر معافیاں مانگنے والے وزراء باہر نکلتے ہی کہتے ہیں کہ ہم سرخرو ہوگئے۔ حکمران اس ڈھٹائی سے جھوٹ بولتے ہیں کہ سننے والے کانوں کو ہاتھ لگانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ وزراء تنے بے حس اور بے خبر ہوگئے ہیں کہ ٹماٹر 17 روپے اور مٹر 5 روپے کلو بتا رہے ہیں اور پٹرول کی فی لٹر قیمت ان کے بقول 70 روپے ہے۔
سراج الحق