نیا پاکستان ہاؤسنگ، 2مرلہ گھر کی قیمت 30لاکھ، قسط 67ہزار 

      نیا پاکستان ہاؤسنگ، 2مرلہ گھر کی قیمت 30لاکھ، قسط 67ہزار 

  



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت کی نیا پاکستان ہاؤسنگ کے تحت اپارٹمنٹ کی قیمت 29 لاکھ 85ہزار اور ماہانہ قسط 67 ہزار ہو گی۔2 مرلہ پر 4 اپارٹمنٹس بنیں گے، ڈاؤن پیمنٹ 6لاکھ روپے، رقم 36 اقساط میں دینا ہوگی جبکہ ملتان میں گھر کے حصول کیلئے کم آمدنی والا طبقہ 67 ہزار روپے ماہانہ قسط ادا کریگا۔ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی سب ریجن ملتان نے ملتان میں نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کیلئے 31 دسمبر تک درخواستیں طلب کی ہیں، ایریا ڈویلپمنٹ سکیم یو بلاک مدنی چوک ملتان میں رہائشی اپارٹمنٹس تعمیرکئے جا ئیں گے۔ایک اپارٹمنٹ کا رقبہ 2 مرلہ (550مربع فٹ) ہوگاجس پر4 اپارٹمنٹس تعمیر ہوں گے جن میں ایک اپارٹمنٹ کی قیمت 29 لاکھ 85 ہزار ہوگی اس طرح سرکار 2 مرلہ پر اپارٹمنٹس تعمیرکرکے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کمائیگی جبکہ ملتان میں 250 اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ایک اپارٹمنٹ پر 20 فیصد ڈاؤن پیمنٹ یعنی تقریباً 6 لاکھ روپے ادا کرناہونگے جبکہ باقی رقم 36 ماہانہ اقساط میں جمع کرائی جائے گی،ماہانہ قسط لگ بھگ 67 ہزار روپے ماہانہ بنتی ہے۔اس سکیم میں گھرکے خواہشمند کابے گھراور کم آمدنی والا ہونا شرط ہے، 25 سے 30 ہزار ماہانہ تنخواہ والے افراد درخواست دینے کے اہل ہونگے، قرعہ اندازی میں سرکاری ملازمین،معذور افراد، بے سہارا اور عام شہری شا مل ہونگے جو 67 ہزار روپے ماہانہ قسط دینے کے پابند ہونگے۔درخواست کے ہمراہ 10 ہزار روپے زر ضمانت بھی جمع کراناہوگا،جوآخری قسط میں ایڈجسٹ کیا جائیگا۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ

مزید : صفحہ آخر