عوام کو سیاسی اور ماحولیاتی کثافتوں سے نجات دلائیں گے: عثمان بزدار

عوام کو سیاسی اور ماحولیاتی کثافتوں سے نجات دلائیں گے: عثمان بزدار

  



لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی اے پی سی دراصل ڈی پی سی سیاسی بے روزگاروں کی کانفرنس ہے،سیاسی بے روزگار ذہن نشین کرلیں عوامی پذیرائی احتجاجی سیاست سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت سے ملتی ہے،اپوزیشن جماعتوں کے پاس فلاح عامہ کاکوئی ایجنڈانہیں۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے مستردشدہ عناصرکے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا،پاکستان کے 22کروڑ عوام کو وزیراعظم عمران خان کی شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے اور وزیر اعظم عمران خان ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کاپامردی سے مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں کرپشن سے سیاست اوربے ہنگم انفراسٹرکچر سے ماحول کو گندا کیاگیا تاہم عوام کو سیاسی اورماحولیاتی کثافتوں سے نجات دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سموگ کی ایک بڑی وجہ سابق دور میں لاہور میں سینکڑوں درختوں کی بے دریغ کٹائی ہے، ملک کو سر سبزو شاداب بنانے کیلئے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمدجاری ہے۔پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ اور جنگلات میں اضافے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔نجی اورسرکاری اراضی پر شجرکاری کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ پنجاب میں شجرکاری کا ہدف پورا کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے نمٹنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے اور ماحولیاتی بہتری کے نئے پروگرام تشکیل دیئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی ہر حد پار کردی، مقبوضہ وادی میں مسلسل کرفیو کے باعث کشمیری بنیادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔ سکول،سرکاری دفاتر اورنجی ادارے ویرانی کا منظر پیش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم کیخلاف عالمی برادری کی بے حسی اورخاموشی قابل افسوس ہے۔وزیراعظم عمران خان نے تنازع کشمیر ہر فورم پر انتہائی موثر اندز میں اٹھایاہے۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔پاکستان کشمیر اورکشمیر پاکستان کے بغیر ادھوراہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا کوئی ظلم اورہتھکنڈا کشمیریوں کو جھکا نہیں سکتا،کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اوروہ ایک دن آزادی کا سورج ضرور دیکھیں گے۔علاوہ ازیں ضمنی الیکشن جیتنے پر تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود کو مبارکباد: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آزاد کشمیر اسمبلی کے حلقہ ایل اے3میرپورکا ضمنی الیکشن جیتنے پر تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیرکے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ملکی کی ترقی کی مخالف سیاسی جماعتوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں کی منفی سیاست دفن ہوگئی ہے اورایک بار پھرثابت ہو گیاہے کہ عوام شفاف، ایماندار اور خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول