پی ایس اے نے پاکستان میں شیڈول انٹرنیشنل میچز میں سکیورٹی فیس ختم کر دی

      پی ایس اے نے پاکستان میں شیڈول انٹرنیشنل میچز میں سکیورٹی فیس ختم کر دی

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) نے پاکستان میں شیڈول دو انٹرنیشنل میچز میں سکیورٹی فیس ختم کر دی۔ پشاور میں حال ہی میں نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد کے بعد آئندہ سال پشاور میں بین الاقوامی سکواش کے مقابلے بحال ہو جائیں گے۔خیبر پختونخوا میں 50 سے زائد سکواش کورٹس بن رہے ہیں جس پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان سکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر وائس ایئر مارشل عامر مسعود ورلڈ سکواش فیڈریشن کے اجلاس میں جنوبی افریقہ گئے تھے اور وہاں پر پی ایس اے کے حکام سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کے دوران پی ایس اے کے حکام نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان میں آنے والے دو عالمی مقابلوں میں سکیورٹی کی فیس ختم کر دی ہے تاہم دیگر پی ایس اے کے ایونٹس کے حوالے سے سکیورٹی کی مد میں فی میچ سکیورٹی فیس کے مکمل خاتمے کے حوالے سے تبادلہ خیال بعد میں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پشاور میں نیشنل گیمز کے کامیابی سے انعقاد کے بعد پشاور میں دس سال بعد بین الاقوامی سکواس کے مقابلے بحال ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت بالخصوص وزیر کھیل عاطف خان کھیلوں سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ ان کی کوششوں کی وجہ سے آئندہ دو سالوں میں خیبر پختونخوا میں یونیورسٹیوں، سکولوں اور کالجوں میں پچاس سکواش کورٹ بن رہے ہیں جس پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر ایئر چیف مارشل کی کاوشوں کی وجہ سے ملک میں سکواش کے فروغ اور بہتری کے لئے اقدامات جاری ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی