داسو ہائیڈ رو پاور پراجیکٹ، الیکٹرو مکینیکل ورکس کیلئے ساڑھے 52ارب کا معاہد ہ

    داسو ہائیڈ رو پاور پراجیکٹ، الیکٹرو مکینیکل ورکس کیلئے ساڑھے 52ارب کا ...

  



اسلام آباد  (اے پی پی) داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے مرحلے(Stage-I) کے الیکٹرو مکینیکل ورکس کے لئے معاہدہ طے پاگیا ہے۔ ساڑھے  52 ارب روپے کے معاہدے پر واپڈا اور دو کمپنیوں پر مشتمل جوائنٹ ونچر نے دستخط کئے۔ پیر کو معاہدے پر دستخط کی تقریب میں فرانسیسی سفیر، چینی اور امریکی سفارت کار، وفاقی سیکرٹری آبی وسائل اور چیئرمین واپڈا بھی موجود تھے۔ معاہدے میں 6 فرانسس ٹربائنوں کے ڈیزائن کے ساتھ ساتھ ان کی فراہمی اور تنصیب شامل ہیں۔ معاہدے میں جنریٹرز، مین ٹرانسفارمرز، جنریٹر اور سٹیشن سروس سوئچ گئیرکے ساتھ ساتھ دیگر آلات بھی شامل ہیں۔ 4 ہزار 320میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا حامل داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دریائے سندھ پر ضلع کوہستان میں تعمیر کیا جارہا ہے۔ داسو منصوبہ دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا، ہر مرحلے کی پیداواری صلاحیت 2 ہزار160میگاواٹ ہوگی۔ منصوبے کے پہلے مرحلے پر کام جاری ہے، منصوبہ 25-2024ء میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ اپنی تکمیل پر ہر سال نیشنل گرڈ کو 12ارب یونٹ سے زائد سستی پن بجلی مہیا کرے گا۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے کی تکمیل پر نیشنل گرڈ کو ہر سال مزید9ارب یونٹ ماحول دوست پن بجلی حاصل ہوگی۔

مزید : کامرس