علامہ اقبال انڈسٹری ستی چینی و مقامی سرمایہ کاروں کا پہلا انتخاب بن گیا: چیئر مین فیڈمک

      علامہ اقبال انڈسٹری ستی چینی و مقامی سرمایہ کاروں کا پہلا انتخاب بن گیا: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (اے پی پی) فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئر مین میان کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد مینوفیکچرنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کا پہلا انتخاب بن گیا ہے، فیڈمک 8500 ایکڑ اراضی کے ساتھ پاکستان کا سب سے بڑا خصوصی اقتصادی زون بھی ہے جس کے مین بولیوارڈ، داخلی دروازے اور باؤنڈری وال کی تعمیر دسمبر میں شروع کرکے 6 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا۔انھوں نے کہا کہ  علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد سی پیک فریم ورک کے تحت ڈویلپ کیے جانے والے تین ترجیحی سپیشل اکنامک زونز میں سے ایک ہے اور یہ  4000 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے جو انتہائی سٹریٹجک اہمیت کے حامل موٹر وے ایم فور پر ساہیاں والا انٹرچینج کے قریب واقع ہے۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ایم3 انڈسٹریل سٹی فیصل آباد 4500 ایکڑ پر محیط فیڈمک کا ایک اورشاندار منصوبہ ہے جہاں گزشتہ 2 برس میں 1.8 ارب ڈالر کی غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاری بھی ہو چکی ہے جن میں کوکا کولا، ہنڈائی، رینالٹ، حیات کیمیا، ڈائیوو، ٹریٹ جے وی، ڈلی جے ڈبلیو، ٹائم سرامکس، اورینٹ، غنی گروپ اور برائٹو پینٹس جیسے بڑے برانڈز بھی شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ صنعتوں کیلئے انتہائی معاون انفراسٹرکچر اور بہترین ون ونڈو سروس سنٹرکی وجہ سے ایم 3 انڈسٹریل سٹی نجی چینی سرمایہ کار کمپنیوں کی خصوصی توجہ کا مرکز ہے اور 22 سے زائد چینی کمپنیاں اس میں سرمایہ کاری کر چکی ہیں۔ چیئرمین فیڈمک نے کہا کہ علامہ انڈسٹریل سٹی ساہیاں والا انٹرچینج، فیصل آباد میں ایم تھری انڈسٹریل سٹی کے بالمقابل قائم کیا جا رہا ہے کیونکہ اس علاقے میں بڑی تعداد میں ہنر مند اور نیم ہنر مند ورک فورس دستیاب ہے اور یہ موٹروے ایم4 کے ذریعے ملک بھر سے منسلک ہے اور یہاں سے تیار مال کی سپلائی کیلئے تمام بڑی منڈیاں پونے دو گھنٹے کی مسافت پر واقع ہیں جو اس کی اہمیت کو دو چند کر دیتا ہے۔

مزید :

کامرس -