یونیورسٹی طلباء کیلئے وزیراعظم الیکٹرک وہیل چیئر سکیم کی تقریب

یونیورسٹی طلباء کیلئے وزیراعظم الیکٹرک وہیل چیئر سکیم کی تقریب

  



لاہور(لیڈی رپورٹر) یونیورسٹی طلباء کیلئے وزیراعظم الیکٹرک وہیل چیئر سکیم کی تقریب کا انعقاد 90 شاہراہ قائداعظم کے کانفرنس ہال میں کیا گیا۔ وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی صدارت ایچ ای سی کی جانب سے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر در شہوار نے کی جبکہ چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فضل خالد، ایگزیکیٹو ڈاکریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر فتح مری اور مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ 

 وزیر ہائر ایجوکیشن نے تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے جس نے ہمیں عوام کا درد رکھنے والا لیڈردیا۔آج کی تقریب وزیر اعظم عمران خان کے پاکستانی عوام کے لئے خدمت کے جزبہ کی عکاسی کر رہی ہے۔ کامیاب نوجوان اور احساس پروگرام تحریک انصاف کے قابل ذکر فلاحی منصوبے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں جہاں ہر مظلوم طبقہ کی کفالت کی ذمہ داری ریاست پر تھی۔ دین اسلام  کی اعلی اقدار کو مغرب نے اپنایا جہاں آج جانوروں کے حقوق کا بھی خیال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے پنجاب کی جامعات کے وائس چانسلرز کو معذور طلباء  کے حقوق کی حفاظت کرنے اور جامعات میں معذور طلباء  کے لئے ریمپ بنانے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ایچ ای سی کو چاہئے کہ ہر جامعہ میں تعمیرات کے دوران جسمانی معذور طلباء  کے لئے ریمپ بنانا لازمی قرار دے۔ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وفاقی حکومت کا وزیر اعظم الیکٹرک وہیل چیئر پروگرام کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ نوکریاں دینا نجی شعبہ کا کام ہے حکومت کا کام ہے کہ ایسا ماحول پیدا کرے جہاں پرائیوٹ بزنس میں آسانیاں اور عوام کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں۔ پرائیوٹ سیکٹر میں بھی معذور افراد کے لئے کوٹہ مقرر کیا جانا چاہئے۔ صوبائی وزیر نے جسمانی معذور طلباء  میں وزیر اعظم کی جانب سے الیکٹرک وہیل چیئرز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ایگزیکیٹو ڈاکریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر فتح مری نے بتایا کہ پروگرام کے تحت 600 الیکٹرک وہیل چیئرز معذور طلباء  میں تقسیم کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں 208 طلباء  کو وہیل چیئر مہیا کی جا رہی ہیں جن میں سے 82 وہیل چیئرز سنٹرل پنجاب کی جامعات اور 30 چیئرز جنوبی پنجاب کی جامعات کے طلباء  کو دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں بھی طلباء  سے الیکٹرک وہیل چیئرز کے لئے درخواستیں موصول کی جائیں گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1