حکومت خواتین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے، اعجاز عالم

حکومت خواتین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے، اعجاز عالم

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق واقلیتی امور اعجا ز عالم آگسٹن نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب خواتین کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے پیکج میں حکومت پنجاب کے مختلف اقدامات کے بارے میں ایک جامع پالیسی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد کے خلاف قومی دن ہمیں خواتین کے حقوق کا تحفظ کی یاد دلاتا ہے اور خواتین کو تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ معاشرتی مدد فراہم کرکے خواتین کے خلاف تشدد کو کم کیا جاسکتا ہے۔

  ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے تحریک انصاف کی مختلف ممبرخواتین سے نیو منسٹر بلاک کے آفس میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔ خواتین ممبران نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا اور بلا تفریق انویسٹمنٹ، تشدد کے خلاف موثر حکمت عملی اور انسانی حقوق کی فراہمی کسی بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہوتا ہے تاہم تحریک انصاف کے دور حکومت میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے تسلی بخش کام ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اوران کے خلاف تشدد کی روک تھام کیلئے پنجاب اسمبلی میں موثر قانون سازی کی جا رہی ہے تاہم پنجاب بھرمیں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے پنجاب حکومت کے عملی اقدامات عیاں ہیں۔صوبائی وزیر نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے حوالے سے حالیہ افسوسناک واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ پوری پاکستانی قوم کو قرآن مجید کی بے حرمتی پر گہری تشویش ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے یورپی یونین اسلامی نظریاتی کونسل میں ناروے میں مسلمانوں کی مقدس کتاب، قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعہ کو بھرپور انداز میں اٹھانے کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں اور پاکستانی عوام خواہاں ہے کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو متاثر کرنے والے ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی کے ساتھ روکنے کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اس قسم کی سازشوں سے محض مسلمان ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کو خطرات لاحق ہیں جبکہ کچھ ممالک میں اسلامو فوبیا اور زینوفوبیا اب مزید تشویشناک ہوتا جارہا ہے، جس سے فوری طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے تاہم مسیحی برادری کچھ ممالک میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کے حالیہ اضافے پر گہری تشویش میں مبتلا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1