مسلم ممالک اسلامو فوبیا کے خلاف قانون سازی کی عالمی مہم چلائیں،حامد رضا

 مسلم ممالک اسلامو فوبیا کے خلاف قانون سازی کی عالمی مہم چلائیں،حامد رضا

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مسلم ممالک اسلامو فوبیا کے خلاف قانون سازی کی عالمی مہم چلائیں۔ سی پیک کے خلاف امریکہ کا گمراہ کن پروپیگنڈہ پاکستان دشمنی ہے۔ امریکہ اور چین کی سرد جنگ میں فریق بن کر پاکستان سی پیک کے ثمرات ضائع کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ قومی قائدین بدزبانی سے گریز کریں۔ ملک کو سیاسی و اقتصادی استحکام کی ضرورت ہے۔ قرآن، اذان اور ایمان کی آواز دبائی نہیں جا سکتی۔

  وحدت امت ہی اسلام دشمن عالمی سازشوں کا بہترین توڑ ہے۔ فرقہ واریت کے ذریعے امت کو پارہ پارہ کیا جا رہا ہے۔ آذادی اظہار کی آڑ میں اسلام پر حملے کیے جا رہے۔ ہیں۔ مسلمانوں کو درپیش مسائل پر غور کے لئے اسلامی سربراہی کانفرنس منعقد کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مجلس وحدت المسلمین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں اسلام کے سوا سب کچھ ہے۔ ہم اسلام کو اقتدار میں لانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ قرآن جلانے کے سانحہ پر او آئی سی کی خاموشی افسوسناک ہے۔ نظام مصطفے ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔ پاکستان کو ریاست مدینہ کا عکس بنانے کے لئے نفاذ نظام مصطفے ضروری ہے۔ بھارت کشمیر میں خواتین کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ سیاسی محاذ آرائی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر دب گیا ہے۔ مظلوم کشمیری تاریخ کے طویل ترین کرفیو کی زد میں ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1