کشمیر اور فلسطین میں مسلمان یہود و ہنود کے ظلم کا شکار ہیں،لیاقت بلوچ

کشمیر اور فلسطین میں مسلمان یہود و ہنود کے ظلم کا شکار ہیں،لیاقت بلوچ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سیرت کانفرنس اور علماء ومشائخ کے وفد سے خطاب میں کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین میں مسلمان وبے گناہ انسان یہود و ہنود کے ظلم کا شکار ہیں۔عالم اسلام اور عالمی برادری کی بے حسی کی وجہ سے انسانی المیوں کے سد باب کی بجائے نسل کشی اور انسان کشی کا نریند رمودی اور نیتن یاہو کو کھلالائسنس دے دیا گیا ہے۔2 ارب کے قریب مسلمان متحد ہوکر اپنا آزاد اور باوقار پلیٹ فارم بنالیں تو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسلمانوں کو بھی مستقل ممبر بنانا عالمی قوتوں کی مجبوری بن جائے گا۔جماعت اسلامی 22دسمبر کو اسلام آباد میں حکومت کو قومی کشمیر پالیسی،سفارتی جدوجہدکے لیے روڈ میپ اور جہاد فی سبیل اللہ کے لیے عوامی مارچ کرے گی۔

لیاقت بلوچ نے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی اصل طاقت نوجوان تھے اب وہ نوجوان ہی سب سے زیادہ مایوس ہیں۔نوجوانوں کے لیے سوشل میڈیا پر عمران سرکار کا دفاع ناممکن ہوگیا ہے۔مہنگائی،بے روزگاری،سڑکوں کے ناکوں پر ہر نوجوان کی تذلیل شرمناک ہے۔عمران خان کا مرغی،انڈہ،کٹا اور گڈ گورننس دینے،اسٹیٹس کو توڑنے کا ڈاکٹرائین ناکام ہوگیا ہے۔نااہلوں کا ٹولہ عوام کے دکھوں میں اضافہ کررہا ہے۔