اے پی سی میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے سخت لائحہ عمل تیار کریں گے،اویس نورانی

اے پی سی میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے سخت لائحہ عمل تیار کریں گے،اویس ...

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل شاہ اویس نورانی نے کہا ہے کہ آج کی اے پی سی میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا سخت لائحہ عمل تیار کریں گے۔ پی ٹی آئی کی منحوس حکومت ملک کے لئے بے برکت ثابت ہوئی ہے۔ نیا سال نااہل اور نالائق حکومت کیلئے بھاری ثابت ہو گا۔ نکمے حکمرانوں کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔ ملک کو بند گلی سے نکالنے کا واحد حل نئے انتخابات ہیں۔ حکومت فارن فنڈنگ کیس میں تاخیری حربے استعمال کر کے بچ نہیں سکتی۔ حکومت الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال کر من پسند فیصلہ لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ عمران خان اب پنڈی والوں کا لاڈلا نہیں رہا۔ نئے سال کے آغاز پر تبدیلی کی ہوا آندھی کی شکل اختیار کر لے گی۔ نیب زدہ وزراء جیلوں میں جانے والے ہیں۔

اسلام آباد کی فضا تیزی سے بدل رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے راہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی اشتعال انگیز تقریریں سیاسی محاز آرائی بڑھا رہی ہیں۔ وزیراعظم کی بدزبانی سے قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ عمران نیازی ملک کی جگ ہنسائی کا سبب بن رہا ہے۔ حکمرانوں کے کھوکھلے وعدوں اور دعووں کا پول کھل چکا ہے۔ اپوزیشن حکومت کے خاتمے کے ایجنڈے پر متفق ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1