کینیڈین کمپنی کے کیفے کا افتتاح،نامور شوبز شخصیات کی شرکت

کینیڈین کمپنی کے کیفے کا افتتاح،نامور شوبز شخصیات کی شرکت

  



کراچی(فلم رپورٹر)کینیڈا کی معروف کمپنی نے کراچی میں اپنے پہلے کیفے کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ مشہور شخصیات‘ میڈیا‘ سوشلائٹس اور دوستوں کے ہجوم میں کیفے کی شاندار اور پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔شام کا آغاز ایک انتہائی خوبصورت ریڈ کارپٹ کے ساتھ ہوا جہاں مہمانوں نے میڈیا وال پر پہنچنے کے بعد تصاویر کھنچواتے ہوئے نظر آئے۔خصوصی مہمانوں ٹولگا یوک(قونصل جنرل ترکی)‘ اشتیاق بیگ (اعزازی قونصل جنرل مراکش)‘عاصم اے مجید (منیجنگ ڈائریکٹر سیکنڈ کپ پاکستان)‘اسد فیکٹو(فرنچائز پارٹنر)‘ کاشف حسین (ڈائریکٹر سیکنڈ کپ پاکستان)‘میڈیا کی مشہور شخصیات ژالے سرحدی‘ ٹیپو شریف‘ زینب شبیر‘ شہزین خان اور ندا خان کی آمد کے ساتھ ہی فیتہ کاٹ کر کیفے کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا‘ بعد ازاں مہمانوں نے کیفے کا مکمل جائزہ لیتے ہوئے اس کی تزئین و آرائش کی تعریف کی اور ساتھ ہی اسنیکس اور کافی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔اس موقع پر ایم ڈی عاصم اے مجیدسید نے خطاب کرتے ہوئے کہا ”ملک کے 8 شہروں میں 25 اسٹورز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد کمپنی نے کراچی میں اپنے کیفے کی بنیاد رکھی ہے اور آج پرجوش انداز میں اس کی افتتاحی تقریب کا حصہ ہیں۔

اب تک جو عوامی ردعمل‘ محبت اورتعاون ملا ہے اس کے لئے ہم ان کے بے حد مشکور ہیں۔“واضح رہے کہ کمپنی 1975 کے بعد سے چلنے والا کینیڈا کا ایک پریمیم کیفے برانڈ ہے۔یہ برانڈ پہلی بار 2013 ء میں پاکستان میں متعارف ہوا اور اسے بے حد عوامی پذیرائی حاصل ہوئی۔اس کے بعد سے اب تک اس کیفے کے دنیا کے 34 ممالک میں 500 سے زائد آؤٹ لیٹ قائم ہوچکے ہیں۔ اس کیفے کو اس کے پرآسائش ماحول اور کالی کافی سمیت کافی کے مختلف قسم کے مینو کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ کیفے کا دعوی ہے کہ اس کی جانب سے پیش کی جانے والی کافی اتنی ذائقے دار ہے کہ پینے والا اس کا دوسرا گھونٹ لینے پر مجبور ہوجاتا ہے۔کیفے کی ترقی کی رفتار انتہائی تیز ہے اور اس وقت یہ پاکستان میں کافی کا سب سے بڑا اور مستند نام ہے۔ کیفے کا مقصد 2021 ء تک پاکستان میں مارکیٹ کا رہنما بننا ہے۔

مزید : کلچر