سندھ شاندار تہذیب و ثقافت کا حامل صوبہ ہے۔ مرتضیٰ بلوچ

سندھ شاندار تہذیب و ثقافت کا حامل صوبہ ہے۔ مرتضیٰ بلوچ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ صوبہ سندھ شاندار تہذیب و ثقافت کا حامل صوبہ ہے اور اس میں بسنے والے ہر شخص کو اس کی تہذیب و ثقافت پر فخر ہے اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ سندھ کی سر زمین عظیم صوفیاء کرام کی سرزمین ہے جنہوں نے ہمیشہ امن و محبت کا درس دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے ملیر پریس کلب کی جانب سے سندھ ثقافتی دن کے حوالے سے ایک سندھ ایک ثقافت کی ثقافتی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی سید آغا رفیع اللہ، سابق رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ، رکن سندھ اسمبلی سلیم بلوچ، چیئرمین ضلع کونسل سلمان عبداللہ مراد نے  بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ملیر پریس کلب کے صدر میر ذوالفقار میر جت نے صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ کو سندھ کی ثقافت ٹوپی اجرک اور لنگی  کا تحفہ پیش کیا۔ ثقافتی تقریب میں سندھ کے نامور گلوکاروں اور لوک فنکاروں نے ثقافتی اور لوک گیت پیش کرتے ہوئے تقریب کو ثقافتی رنگ میں رنگ دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ سندھ کی ثقافت  شاندار ثقافت ہے جس پر ہمیں ناز ہے سندھ نے ہمیشہ پیار امن اور محبت کو فروغ دیا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے گلدستے میں تمام ثقافتیں خوشبودار پھولوں کی مانند ہیں۔ صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ نے مزید کہا کہ ہمیں ثقافتوں کا احترام کرنا چاہیے کیونکہ اس سے مختلف زبانیں بولنے والوں کے درمیان محبت اور ہم آہنگی بڑھتی ہے اور وہ ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام ثقافتوں کا احترام کرتی ہے۔