ضلع کو سبز و شاداب بنا کر فضائی آلودگی کو ختم کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر سرگودہا
سرگودہا(بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر سرگودہا آسیہ گل نے کلین و گرین پاکستان انڈیکس کے تحت سرگودہا کو ملک کا بہترین ضلع بنانے کا حلف اٹھا لیا ہے۔وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے حلف لیا۔ اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں 19شہروں کے مابین صحت مند صفائی اور شہروں کو سرسبز بنانے کے مقابلوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب کے 12اضلاع کو منتخب کیا گیا ہے۔ جن میں سے 9ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ز،اٹک‘مری اور گجرات شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے دیگر 18 اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ یہ حلف جناح کنونشن سنٹراسلام آباد میں ہونے والے کلین وگرین پاکستان انڈیکس کے ضمن میں ایک تقریب کے دوران اٹھایا۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم عمران خان تھے جبکہ کمشنر سرگودہا ڈویژن ظفر اقبال شیخ کے علاوہ دیگر 8 ڈویژنوں کے کمشنرز‘شرکاء میں اراکین کیبنٹ کمیٹی،وزراء مختلف محکموں کے افسران‘سول سوسائٹی‘طلباء و طالبات،معززین،منتخب اراکین اور ملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے شہریوں کی بھاری تعداد بھی موجود تھی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودہا آسیہ گل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرگودہا کو پینے کے صاف پانی،محفوظ سینیٹیشن،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور شجر کاری میں ملک بھر کا اول درجے کا شہر بنایا جائے گا جبکہ ان پانچ مقاصد کے ساتھ ساتھ 27دیگر انڈیکیٹرز کو بھی مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع کو سبز و شاداب بنا کر فضائی آلودگی کو ہر ممکن ختم کیا جائے گا۔جس سے صحت پر اٹھنے والے اخراجات کم کرنے میں مدد ملے گی اور آلودگی کے خاتمہ‘خوشگوار ماحول سے ترقی کی شاہراہیں تعمیر ہو نگی اور ملک خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ادارے ملکر ضلع کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ جس سے ضلع کو فنڈز کی وافر دستیابی ممکن ہو سکے گی۔
ڈپٹی کمشنر سرگودہا