حکومت، اپوزیشن کا پوائنٹ  آف نو ریٹرن کی طرف جانا  نقصان دہ، پرویز الٰہی 

          حکومت، اپوزیشن کا پوائنٹ  آف نو ریٹرن کی طرف جانا  نقصان دہ، پرویز ...

  



  لاہور (آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت قائمہ کمیٹیوں سے مسلم لیگ(ن) کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کا کہناتھا حکومت، اپوزیشن کے درمیان معاملات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن کی طرف نہیں جانا چاہئے، اپوزیشن کو استعفوں جیسے انتہائی اقدام سے گریز کرنا چاہئے۔ قانون سازی کے معاملات میں اپوزیشن کا کردار بنیادی اہمیت کا حاصل ہے اسلئے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قانون سازی کے معاملات پر رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کو ہدایت کی وہ پارلیمنٹ کی روایات کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پبلک اکاونٹ کمیٹی کے چیئرمین کے معاملے پر بھی سپیکر پنجاب اسمبلی نے حکو مت اور اپوزیشن کو سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون راجہ بشارت کا کہناتھا اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں ان کے تحفظات دور کرنے پر بات چیت کافی مثبت رہی ہے۔ اپوزیشن کمیٹی کے ارکان ملک ندیم کامران، سمیع اللہ خان اور چودھری اقبال گجر کا کہناتھا ملاقات بہتر ماحول میں ہوئی، حکومت اور سپیکر اسمبلی کو اپنی گزارشات پیش کر دی ہیں جن پر دونوں جانب سے ہوم ورک مکمل کرکے ملاقات کا وقت مقرر کیا جائے گا۔

پرویز الہٰی

مزید : پشاورصفحہ آخر