خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کاتحصیل جمرود میں پہلا میگا آپریشن
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کا ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں پہلا میگا آپریشن، ایک ہزار لیٹر مضر صحت دودھ تلف، اشیائے خوردونوش کے پانچ مراکز سیل، پانچ افراد گرفتار کے پی فوڈ اتھارٹی نے آپریشن ضرب ملاوٹ کا دائرہ کار قبائلی اضلاع تک بڑھاتے ہوئے ضلع خیبر کی انتظامیہ کی درخواست پر تحصیل جمرود میں پہلا میگا آپریشن کیا ہے۔ ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت وزیر کے مطابق کے پی فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کو قبائلی علاقوں تک توسیع دیتے ہوئے جمرود میں پہلی کاروائی کی ہے۔ کاروائی کے دوران چالیس سے زیادہ اشیائے خوردونوش کے مقامات کی چیکنگ ہوئی جس میں کیمیکلز اور پانی کی ملاوٹ پر ایک ہزار لیٹر مضر صحت دودھ تلف کردیا گیا جبکہ پکوڑے اور سموسے تلنے والوں سے دو سو لیٹر بدبودار سڑا آئل بھی تلف کردیا گیا۔ ان کا مزید کہناتھا کہ قوانین کی خلاف ورزی اور ملاوٹ پر ریسٹورنٹ سمیت اشیائے خوردونوش کے پانچ مقامات سر بمہر کردئے گئے جبکہ پانچ افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر جمرود اکبر افتخار کا کہنا تھا کہ کاروائی ضلعی انتظامیہ کی درخواست اور باہمی تعاون سے کی گئی اورعوا م کو صاف اورمحفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے اس طرح کی مشترکہ کاروائیاں جاری رہینگی۔