نیو سبزی منڈی کی تعمیر‘ زمین مالکان کومناسب ریٹ نہ ملنے پر متاثرین کا احتجاج
رحیم یارخان(بیورو رپورٹ) مالک پور کے قریب نیو سبزی منڈی کی تعمیر کے لیے حاصل کی جانے والی زمین کے مالکان چوہدری رشید احمد،محمد اعظم،محمد سعادت،محمد ارشد، محمد جاوید،پرویز اختر،حاجی سرور،محمد رفیق اور دیگر نے احتجاجی مظاہرے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ نے 2006 میں (بقیہ نمبر50صفحہ7پر)
مقامی افراد سے 14ایکڑ 3کنال 9مرلہ زمین حاصل کرنے کی کوشش کی جو مناسب قیمت نہ ملنے پر زمین مالکان نے عدالت عالیہ میں رٹ دائر کی جس کی بنا پر کمشنر بہاول پور نے2015 میں زمین چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور 2017 میں ضلع کونسل میں اس جگہ پر سبزی منڈی نہ بنانے کی قرار داد بھی منظور کی گئی۔ انہوں نے کہا کے اب انتظامیہ بغیر کسی اطلاع کے ہماری فصلیں ختم کرکے منڈی کی تعمیر کا کام زبردستی شروع کرنا چاہتی ہے جو ہم کسی بھی صورت نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے مزید کہا کے حکومت اگر زمین لینا چاہتی ہے تو ہمیں اس علاقے کے سرکاری ریٹ کے مطابق قیمت ادا کرے ہم اپنی زمین کوڑیوں کے بھاوُ نہیں دیں گے۔ مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی اور بینرز بھی اُٹھا رکھے تھے۔