احتساب عدالت نے زرداری کی بہن فریال تالپور کی بڑی خواہش پوری کردی، اجازت دیدی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)احتساب عدالت نے جعلی بنک اکاونٹس کے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس کی سماعت کے دوران احتساب عدالت نے آصف زرداری اورفریال تالپورکے جوڈیشل ریمانڈمیں 17 دسمبرتک توسیع کردی۔ فریال تالپورکی جانب سے آصف زرداری سے اسپتال میں ملاقات کیلئے درخواست بھی دائر کی گئی جس پرعدالت نے ان کی خواہش پوری کرتے ہوئے ملاقات کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق جعلی اکاونٹس، میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسزکی سماعت ہوئی جس میں سابق صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور احتساب عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ آصف زرداری جوکہ علالت کے باعث پمز ہسپتال میں زیر علاج ہیں کوپیش نہ کیاجاسکا۔مذکورہ کیسز میں آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت تیس افرادکیخلاف کارروائی ہو رہی ہے۔عدالت نے 17دسمبر سے پہلے تمام ملزمان کو ریفرنس نقول کی فراہمی یقینی بنائے جانے کی بھی ہدایت کی۔