لاہور پولیس کا کارنامہ، منشیات فروش کی اطلاع دینے والے شخص کی تفصیلات ملزم کو دےدیں
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور کے علاقہ قلعہ گجر سنگھ کی پولیس کا انوکھا کارنامہ ایک شخص کی منفی سرگرمیوں کی رپورٹ دینے والے کی تفصیلات ملزم کو بتاکراس کی درگت بنوادی۔مسلح ملزم احسن پر سرعام تشدد کرتا رہا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق تھانہ گجر سنگھ کی حدودمیں رہائش پذیر احسن نامی ایک شخص نے پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی کہ علاقہ میں مقیم طاہر نامی شخص منشیات بیچتاہے جس پر پولیس نے کارروائی کرنے کے بجائے طاہر کو احسن سے متعلق تمام تفصیلات فراہم کردیں۔طاہریہ سب سن کر سیخ پا ہوگیا اور بھرے بازارمیں ہی احسن کو روک لیااور اس کے معافیاں مانگنے کے باوجود اس پر تشدد کرتا رہا اور گالم گلوچ کرتا رہا۔طاہر کے ہاتھ میں پستول دیکھ کر وہاں سے گزرنے والے لوگ بھی کچھ نہ بولے اور آگے بڑھتے گئے۔جبکہ ملزم نے اسے نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اسے وہاں مرغا بھی بنایا۔