دنیا کی سب سے بہترین ایئرلائن کا اعلان کردیا، سب اندازے غلط ثابت ہوگئے
ولنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)بہترین سہولیات کے حوالے سے فضائی کمپنیوں کی نئی درجہ بندی جاری کر دی گئی ہے جس میں مجموعی طور پر ایئر نیوزی لینڈ کو دنیا کی سب سے بہترین فضائی کمپنی قرار دیا گیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق قطر ایئرویز اپنی بزنس کلاس کی سہولیات اور ورجن آسٹریلیا اکانومی کلاس کی سہولیات میں 2020ءکے لیے دنیا کی بہترین فضائی کمپنیاں قرار پائی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ درجہ بندی ایئرلائن ریٹنگز ڈاٹ کام کی طرف سے جاری کی گئی ہے جو بہترین فضائی کمپنیوں کو ’ایئرلائن ایکسی لینس ایوارڈز‘ بھی دیتی ہے۔ گزشتہ سال سنگاپور ایئرلائنز کو مجموعی طورپر دنیا کی بہترین ایئرلائنز قرار دیا گیا تاہم اس سال وہ دوسرے نمبر پر چلی گئی، مگر فرسٹ کلاس کیبن ایوارڈ اس سال بھی سنگاپور ایئرلائنز ہی کو ملا۔ ان دو کے بعد بالترتیب آل نیپون ایئرویز تیسرے، قنطاس چوتے، کیتھے پیسفک پانچویں، ایمریٹس چھٹے، ورجن ایٹلانٹک ساتویں، ایوا ایئر آٹھویں، قطر ایئرویز نویں اور ورجن آسٹریلیا 10نمبر پر مجموعی طور پر دنیا کی بہترین ایئرلائنز قرار دی گئی۔