میرپور کے غیور عوام نے ووٹ کی پرچی سے میرے ہرانے کی سازش ناکام بنا دی:سلطان محمود چوہدری

میرپور کے غیور عوام نے ووٹ کی پرچی سے میرے ہرانے کی سازش ناکام بنا دی:سلطان ...
میرپور کے غیور عوام نے ووٹ کی پرچی سے میرے ہرانے کی سازش ناکام بنا دی:سلطان محمود چوہدری

  



میرپور(ڈیلی پاکستان  آن لائن)آزاد کشمیر کےسابق وزیراعظم اورنومنتخب ممبراسمبلی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نےکہاہےکہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اورمسلم کانفرنس مجھے ہرانے کی سازش میں ملوث تھی مگر میرپور کے غیور عوام نے ووٹ کی پرچی سے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔

میرپور میں پر ہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں میرپور کے لوگوں نے دھونس دھاندلی اور لالچ کو مسترد کر دیا،2016 کے الیکشن میں نوازشریف نے مودی سے مل کر آزادکشمیر میں دھاندلی کروائی اور مجھے اسمبلی سے باہر رکھا،اس مرتبہ بھی سازش کی گئی، وزیراعظم اور اسکے وزراء کی فوج یہاں پرلوگوں کےضمیر خریدنے میں لگی رہی لیکن میرپور کی غیور عوام نے ان کی ہر سازش ناکام بنا دی۔اُنہوں نے کہا کہ سابق ممبر اسمبلی چوہدری سعید سپریم کورٹ کے رقبے پر قبضے کے نتیجے میں نا اہل ہوئے،پہلے بھی وہ ایک حادثے کے نتیجے میں ممبر اسمبلی بنے، وہ ایک بزنس مین ہیں جنہوں نے تین چوکوں پر قبضہ کر رکھا ہے، ماضی میں وہ اورانکا خاندان ہمیشہ مجھے ووٹ اور سپورٹ کرتے رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ وہ آئندہ بھی مجھے سپورٹ کرینگے ،اُنکے ساتھ میرا کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے، الیکشن کے دنوں میں میرے خلاف جو زبان استعمال کی گئی میں سب کو معاف کرتا ہوں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کہنا  تھا کہتعلیمی بورڈ میرپور کسی بھی صورت تقسیم نہیں کرنے دوں گا،اِن ہاؤس تبدیلی ن لیگ کامعاملہ ہے،الیکشن کےدوران عوام سےکئےگئےوعدے پورے کروں گا، زلزلہ متاثرین کیلئے وفاق سے خصوصی پیکیج لانے کی کوشش کروں گا ،سوئی گیس کی منظوری ہوچکی ہے ،جلد اس کا آغاز کر دیا جائے گا ،میرپور میں ایئرپورٹ کیلئے بھی وزیراعظم پاکستان سے بات ہوچکی ہے رٹھوعہ ہریام برج کا بقیہ کام بھی جلد شروع ہوگا ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر میری ہمیشہ سے اولین ترجیح رہی ہے، اب اسکے حل کیلئے کام کروں گا،موجودہ حکومت نے کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی جبکہ فاروق حیدر جب بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بیرون ممالک گیا تو جگ ہنسائی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔

مزید : علاقائی /آزاد کشمیر /مظفرآباد