”یاسر شاہ نے مجھے آﺅٹ کر کے جس طرح جشن منایا، اس سے مجھے۔۔۔“ سٹیو سمتھ نے یاسر شاہ کے جشن کا جواب دیدیا

”یاسر شاہ نے مجھے آﺅٹ کر کے جس طرح جشن منایا، اس سے مجھے۔۔۔“ سٹیو سمتھ نے ...
”یاسر شاہ نے مجھے آﺅٹ کر کے جس طرح جشن منایا، اس سے مجھے۔۔۔“ سٹیو سمتھ نے یاسر شاہ کے جشن کا جواب دیدیا

  



برسبین (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز سٹیو سمتھ کو رنز کا بھوکا کہا جائے تو غلط نہ ہو گا کیونکہ وہ جب بھی میدان میں اترتے ہیں تو شائقین کو ان سے سنچری کی امید ہی رہتی ہے۔

سٹیو سمتھ اپنے شائقین کو مایوس بھی نہیں کرتے اور ایسا کھیل پیش کرتے ہیں کہ دیکھنے والے دیکھتے ہی رہ جاتے ہیں جبکہ باﺅلرز کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ کسی نہ کسی طرح سٹیو سمتھ کے عتاب سے بچ جائیں تاہم یاسر شاہ ایک ایسے باﺅلر ہیں جو ناصرف ان کی کلاسی شاٹس سے بچ جاتے ہیں بلکہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں 7 مرتبہ آﺅٹ بھی کر چکے ہیں۔

یاسر شاہ نے برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سٹیو سمتھ کو آﺅٹ کیا تو وکٹ کے حصول کا جشن مناتے ہوئے انہوں نے انگلیوں کی مدد سے 7 کا ہندسہ بنایا یعنی دنیا کو یہ بتایا کہ انہوں نے دنیا کے چند بہترین بلے بازوں میں سے ایک سٹیو سمتھ کو ساتویں مرتبہ شکار کیا ہے۔

سٹیو سمتھ نے بھی یاسر شاہ کے اس جشن کا جواب دیدیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ”یاسر شاہ کے جشن منانے کے انداز نے مجھے مزید حوصلہ دیا ہے کہ اگلے میچ میں ان کے ہاتھوں آﺅ ٹ نہ ہوں۔ لہٰذا میں اگلے میچ میں ان کے خلاف شائد مزید نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیلوں گا۔“

مزید : کھیل