پنجاب میں بڑی تبدیلی ،میجر (ر)اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری تعینات کر دیا گیا

پنجاب میں بڑی تبدیلی ،میجر (ر)اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری تعینات کر دیا گیا
پنجاب میں بڑی تبدیلی ،میجر (ر)اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری تعینات کر دیا گیا

  



لاہو(ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب میں انتظامی معاملات کو سنھبالنے کے لیے چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر کی جگہ میجر(ریٹائرڈ) اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری تعینات کردیا گیا ہے،چیف سیکرٹری کی تبدیلی کے بعد انتظامی نشستوں پر بھی مزید تبدیلیوں کا امکان ہے،وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے رشتہ دار اعجاز احمد بزدار کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی نشست سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق  پنجاب  میں انتظامی سطح پر بڑی تبدیلی کرتے ہوئے  پنجاب  حکومت نے  میجر (ر) اعظم سلیمان کو نیا چیف سیکرٹری تعینات کر دیا ہے ۔اعظم سلمان کی تعیناتی کا فیصلہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار کی ہونے والی ملاقات میں کیا گیا جبکہ دیگر عہدوں پربھی اکھاڑ پچھاڑ کیلئے فہرست تیارکرلی گئی ہے اور  چیف سیکرٹری کی تبدیلی کے بعد گریڈ 19 سے 21 تک مزید تبدیلیوں کا بھی امکان ہے۔

دوسری  طرف  نئے تعینات ہونے والے چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پہلی ترجیح اچھی ٹیم کے ساتھ کارکردگی دکھانا ہوگی،صوبے میں شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا جائے گا۔چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے بھرپور اور متحرک کردار ادا کریں، صوبے کے انتظامی سربراہ کی حیثیت سے ایک اچھی ٹیم کا چنا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر فوکس کیا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ جو کام کرے گا، وہ عہدے پر رہے گا اور اسے عزت دی جائے گی۔

خیال رہے کہ ستمبر کے آخر میں وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو مکمل اختیار دے دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جسے مناسب سمجھیں اپنی ٹیم میں رکھیں۔اس سے قبل ستمبر میں ہی پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری انڈسٹریز طاہر خورشید کو تبدیل کرکے سیکرٹری مواصلات تعینات کردیا گیا۔سیکرٹری مواصلات شہریار سلطان کا تبادلہ کرکے انہیں او ایس ڈی بنادیا گیا ہے جبکہ ظفر اقبال کو سیکرٹری انڈسٹریز تعینات کیا گیا۔سیکرٹری تعلیم کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود کو سیکرٹری جنگلات کا اضافی چارج بھی دیدیا گیا تھا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور