بابائے پشتو صحافت پیر سفید شاہ کا انتقال!

بابائے پشتو صحافت پیر سفید شاہ کا انتقال!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور کے پشتو روزنامہ ”وحدت“ کے چیف ایڈیٹر پیر سفید شاہ ہمدرد 93 سال کی عمر میں دُنیا سے رخصت ہو گئے،پیر سفید شاہ کچھ عرصہ سے علیل چلے آ رہے تھے، کہ منگل کے روز ان کا بلاوا آ گیا اور وہ اپنے رب کے حضور حاضر ہو گئے۔گذشتہ روز ان کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، اور ان کو  پشاور میں سپردِخاک کر دیا گیا، نمازِ جنازہ میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے حضرات کی کثیر تعداد موجود تھی، ان کے چاہنے والے دور دور سے آئے تھے،پیر سفید شاہ بابائے پشتو صحافت تھے۔ ان کی ادارت میں 1970ء کی دہائی کے دوران پشتو اخبار ”وحدت“ نے اشاعت کا آغاز کیا،جس کے قارئین کا حلقہ بتدریج بڑھتا رہا اور نہ صرف خیبرپختونخوا میں یہ اخبار مقبول تھا،بلکہ افغانستان میں بھی اس کے قارئین بڑی تعداد میں موجود تھے۔یہ ادارہ ایک اکیڈمی کی شکل اختیار کر گیا،یہاں سے تربیت حاصل کرنے والے افراد بڑے بڑے اخبارات سے منسلک ہوئے۔پیر صاحب مرنجان مرنج اور صُلح کُل شخصیت تھے لیکن پاکستان کی نظریاتی اساس کے بھی سربکف محافظ تھے اس معاملے میں وہ کسی رو رعایت کے قائل نہیں تھے۔ افغان جہاد میں ان کے اخبار نے مجاہدانہ کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت ِ پاکستان کی طرف سے تمغہئ حُسن ِ کارکردگی، تمغہ امتیاز بھی عطا ہوا،اور لائف اچیومنٹ ایوارڈ کے علاوہ مختلف تنظیموں کی طرف سے بھی بے شمارایوارڈ ملے۔ اے پی این ایس اور سی پی این ای میں وہ ہمیشہ متحرک رہے۔ وہ اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے،اللہ تعالیٰ اُن کی مغفرت فرمائے، اور ان کے صاحبزادے ہارون شاہ کو ایک پبلشر اور ایڈیٹر کے طور  پر ان کے نقش ِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا کرے۔

مزید :

رائے -اداریہ -