پیراگون سٹی کیس، احتساب عدالت کا سلمان رفیق کے وکیل کی عدم پیشی پر اظہار برہمی 

پیراگون سٹی کیس، احتساب عدالت کا سلمان رفیق کے وکیل کی عدم پیشی پر اظہار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون سٹی کیس میں ملوث خواجہ سلمان رفیق کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عدالتوں کا مذاق نہ اڑایا جائے،میں یہی دیکھتا رہوں کہ کون سا وکیل کس کا ہے؟ میں یہ ہر گز نہیں دیکھو ں گا کہ کتنا بڑا چیمبر ہے، عدالتیں آپ کے چیمبر میں سجا لیتے ہیں جیسا ملزم کہیں گے، ویسا کرلیں گے، خواجہ صاحب آپ ان باتوں کا خیال خود رکھیں اور آپ لوگ اپنا رویہ درست رکھیں، عدالت نے ہدایت کی کہ اب ہر پیشی پر دونوں وکلا ء ہر صورت پیش ہوں گے کیوں کہ سپریم کورٹ کی ڈائریکشن پر کیس کے جلد فیصلے کرنے ہیں،عدالت نے مذکورہ بالا حکم کے ساتھ کیس کی مزید سماعت2دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے پراسیکیوشن کے گواہ پر جرح کے لئے وکلاء کو آئندہ تاریخ سماعت پر طلب کرلیا،عدالت نے خواجہ برادران کو ٹرائل میں وکلا ء کے وکالت نامے پیش اوروعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا،قبل ازیں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد اور سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے، خواجہ سلمان رفیق کے وکیل اشتر اوصاف پیش نہیں ہوئے جس پرعدالت نے کہا کہ اشتر اوصاف کا دونوں بھائیوں کی جانب سے وکالت نامہ جمع ہے،خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ امجد پرویز ایڈووکیٹ ان کے اور اشتر اوصاف ان کے بھائی سلمان رفیق کے وکیل ہیں،جس پر عدالت نے مذکورہ بالاریمارکس دیئے، فاضل جج نے خواجہ سلمان رفیق کو گواہ کے بیان پر جرح کرنے کا حکم دیااور کہا کہ خواجہ سلمان آپ تیاری کریں اور گواہ پر جرح کریں، اس کے ساتھ ہی فاضل جج نے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی،کیس کی دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو محمد نواز چودھری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے خواجہ برادران کو ٹرائل میں وکلا ء کے وکالت نامے پیش کرنے اورملزمان خواجہ برادران کو آئندہ سماعت پر دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت آئندہ تاریخ پیشی تک ملتوی کردی۔
 پیراگون سٹی کیس 

مزید :

علاقائی -