مضر صحت سموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے کارروائیاں تیز
لاہور(پ ر)پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مضر صحت سموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے کارروائیاں تیز تر کر دی گئی گئی اور تمام ماحول مخالف سرگرمیوں پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔اس ضمن میں سموگ کا سبب بننے والے تما م تر عناصر، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، زیگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹہ جات،فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والے کسانوں اور امیشن کنٹرول سسٹم کی تنصیب کے بغیر چلنے والی انڈسٹریز اور ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا سبب بننے والے ملوث افراد کیخلاف متعدد کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔پی ڈی ای اے کی جانب سے مختلف شعبہ جات کو مجموعی طور پر 4کروڑ 8لاکھ 59ہزار 840 روپے مالیت کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ 5368ایف آئی آر کا اندراج، 484افراد کی گرفتاریاں، 75,135گاڑیوں کو جرمانے، 8,978گاڑیوں کی حراست، 2,186انڈسٹریز سیل اور زگ زیگ میتھاڈولوجی کے بغیرکام کرنے والے 650 بھٹہ جات کو سیل کر دیا گیا ہے۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جاری ہدایات کے مطابق گھر سے باہر جاتے ہوئے چہرے کو ماسک اور رومال ڈھانپنے، آنکھوں کی حفاظت کیلئے چشمے کا استعمال کرنے، موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال کرنے، ہاتھوں کو صابن سے بار بار دھونے پر زوردیا گیا ہے۔
پاکستان میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے عوامی اور سرکاری سطح پر فوری اور موثر تحریک کی ضرورت ہے۔ اور یہ تما م اقدامات نہ صرف سموگ کو کنٹرول کیلئے سود مند ثابت ہونگے بلکہ ممکنہ حد تک سموگ کا خاتمہ بھی ہو گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مقصد کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ ہر پاکستانی شہری اپنا کردار ادا کرے۔
