نوجوان ڈاکٹر ز کو ریسرچ ایوارڈ دینے کیلئے سہ فریقی معائدہ
لاہور (جنرل رپورٹر) میڈیسن کے شعبے میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کیلئے نوجوان ڈاکٹروں کو ریسرچ ایوارڈ دیے جائیں گے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ایوارڈز معاہدہ پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سہ فریقی معاہدے پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم، وائس چیئرمین ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط اور فارم ایوو کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ محسن شیراز نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پروفیسر طارق وسیم،پروفیسر عزیزالرحمن، ڈاکٹر صومیہ اقتدار، پروفیسر آفتاب محسن اور ڈاکٹر ذکی الدین احمد سمیت سینئر ڈاکٹر ز موجود تھے۔ معاہدے کے تحت ریسرچ ایوارڈ کیلئے نوجوان ڈاکٹرز اپنے مقالہ جات ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ کو جمع کرائیں گے۔ ملک بھر سے سینئر رجسٹرار لیول کے پوسٹ گریجویٹس مقابلے میں شرکت کے اہل ہونگے۔ قومی سطح پر 10بہترین ریسرچ پیپرز کا انتخاب کیا جائے گا۔ پہلی پوزیشن والے ریسرچر کو دو لاکھ روپے نقد کی گرانٹ ملے گی۔ دوسری پوزیشن پر ایک لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن پر پچاس ہزار روپے کی گرانٹ دی جائے گی۔ اسی طرح بہترین ریسرچ پوسٹر پر بھی ایوارڈ دیا جائے گا۔ اس موقع پر یو ایچ ایس، پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن اور فارم ایوو کے مابین الحاق شدہ ہسپتالوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے سمجھوتہ کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
