کراچی:علما یونیورسٹی کے 15ویں کانووکیشن کا انعقاد
کراچی(اسٹاف رپورٹر) علما یونیورسٹی میں 15ویں کانووکیشن کی تقریب کا علما یونیورسٹی کے مین کیمپس میں شاندار انعقاد کیا گیا۔ جس میں فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز، فیکلٹی آف کمپیوٹر سائنسز، فیکلٹی آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی اور، فیکلٹی آف میڈیا اینڈ ڈیزائن کے 310 فارغ التحصیل طلباوطالبات کو اسناد سے نوازا گیا۔ علما یونیورسٹی کے بہترین سجے ہوئے آڈیٹوریم میں جمع طلبا و طالبات کو ڈگری حاصل کرتے ہوئے دیکھنا ایک خوشگوار منظر تھا۔ ڈگری وصول کرنے والے ایک طالبعلم نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ " یہ میری زندگی کا فخر ترین لمحہ ہے اور مجھے خوشی ہے کہ علما یونیورسٹی نے ہمارے اعزاز میں اتنی خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا اور اسے ہمارے لئے یادگار بنا دیا"۔ اس تقریب کی معاونت میں ہلٹن فارما، کران گروپ، منڈیا گروپ، پیپسی، کنٹری بلڈرز، کنگ بلڈرز، اسٹار مارکیٹنگ، افیف پیکجز، سیٹ کام، گیریس گروپ، کلپسل، فلک ناز بلڈرز، روٹری انٹرنیشنل اور نعمان گروپ آف کمپنیز جیسی معروف کمپنیاں شامل تھیں۔ علما یونیورسٹی نے اپنے 15 ویں کانووکیشن کی اس شاندار اور کامیاب تقریب کو معاشرتی و معاشی شعبوں میں بھرپور ہنر مند گریجویٹس کے داخلے اور ملک کی افرادی قوت میں ایک قابل قدر اضافے کے طور پر منایا جس میں چانسلر نعمان عابد لاکھانی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور الظفر داد، بورڈ آف گورنرز و دیگر معززین نے شرکت کی جبکہ میزبانی کے فرائض علما یونیورسٹی کے رجسٹرار سید کاشف رفیع نے انجام دیے۔
