بیگم شمیم اختر کی لندن میں نماز جنازہ کل، پاکستان میں بروز ہفتہ ادا کی جائیگی، میت کی وطن روانگی کے تمام انتظامات مکمل
لندن، لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ کل بروزجمعہ ریجنٹ پارک مسجد لندن میں ادا کی جائیگی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے نمازجنارہ کے بعد بیگم شمیم اخترکی میت پاکستان روانہ کی جائیگی جبکہ ان کی تدفین جاتی امراء میں ہوگی۔ ترجمان ریجنٹ پارک مسجد کے مطابق شریف خاندان نماز جنازہ میں شرکت کرنیوالے 30 افرادکی فہرست فراہم کریگا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی والدہ ماجدہ بیگم شمیم اختر تین روز قبل شدید علالت کے باعث لندن میں انتقال کرگئیں تھیں،ان کی میت کو 27 نومبر بروز جمعہ کو لندن سے برٹش ایئرویز کے ذریعے لاہور لایا جائیگا۔ بتایا گیا ہے بیگم شمیم اختر مرحومہ کی میت بروز ہفتہ کی صبح 6 بجکر 45 منٹ پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچے گی۔ جسے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور مرحومہ کی پوتی مریم نواز سمیت بعض سینئر لیگی رہنما وصول کریں گے۔ جس کے بعد میت کو براستہ رنگ روڈ جاتی امراء پہنچایا جائیگا جبکہ ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہاہے قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اورصدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی والدہ ماجدہ کی نماز جنازہ بروز ہفتہ 28 نومبر کو شریف میڈ یکل سٹی رائیونڈ میں ظہر کی نما ز کے بعد ادا کی جائیگی، جبکہ مرحومہ کی رسم قل بروز اتوار 29 نومبر کو ہوگی۔ رسم قل میں صرف شریف خاندان کے افراد ہی شریک ہوں گے۔ شریف برادران نے عوام اور کارکنوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں رسم قل کے دن ان کی والدہ ماجدہ اور سب مسلمان مرحومین کیلئے فاتحہ خوانی کریں۔ ادھر خاندانی ذرائع کے مطا بق قطر ائیر ویز کیلئے ڈاکو مینٹس مکمل کرکے جمع کروا دیئے گئے ہیں،شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کے سینے میں شدید انفیکشن ہوگیا تھا اور انہیں الزائمر کی بیماری بھی لاحق تھی۔دوسری طرف پیپلز پارٹی کے وفد نے جاتی امراء رائیونڈ میں مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کر کے محترمہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کی۔ جاتی امراء کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور احمد نے کہا پیپلز پارٹی کا وفد بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیلئے حاضر ہوا،یہ شریف خاندان کیلئے یقینا بڑا صدمہ ہے۔ حکومت اپوزیشن کے جلسوں کو روکنے کیلئے کرونا کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے،پی ڈی ایم جو فیصلہ کریگی پیپلز پارٹی اس پر عمل کریگی،پی ڈی ایم نے اگر اپنا بھرپور کردار ادا نہ کیا تو شاید لوگ مزید انتظار نہ کریں،ہم نے جیلیں کاٹی ہیں، اپنا وقت ہم گزار ہی لیں گے۔ ڈر ہے حکمران ملک کا حال بھی پی آئی اے جیسا نہ کر دیں،سردی کی آمد کیساتھ ہی گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی ہے، معیشت کا حال سب کے سامنے ہے۔ بلاول بھٹو کی طبیعت ناساز ہے، انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیاہے،شادی کا فنکشن ان کا فیملی فنکشن ہو گا۔ موجودہ حکومت ہر چیز کا افتتاح یا ملتوی کرتی ہے یا تاخیر سے کرتی ہے۔
بیگم شمیم اختر
