قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کا معاملہ، چیف ایگزیکٹو نے کیا آڈیو پیغام بھیجا؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے دورہ نیوزی لینڈ پر موجود پاکستانی سکواڈ میں شامل چند افراد کے کورونا وائرس مثبت آنے اور نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو آخری وارننگ ملنے پر سکواڈ کو آڈیو پیغام بھیج دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وسیم خان نے اپنے آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کوویڈ 19میں سب سے زیادہ کرکٹ آپ نے کھیلی ہے اور ہم جانتے ہیں کہ یہ وقت مشکل ہے لیکن آپ کوویڈ 19 کے مقرہ پروٹوکولز کا مکمل خیال رکھیں جبکہ سکواڈ کے تمام اراکین بھی اپنا بہت خیال رکھیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں موجو د پاکستانی سکواڈ کے چھ اراکین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایس او پیز کی خلاف ورزی پر نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان ٹیم کو وارننگ جاری کی اور حکام نے کہا کہ مزید ایک بھی خلاف ورزی پرٹیم واپس بھجوادیں گے۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ کورونا مثبت آنے والے افراد نے خود کو قرنطینہ کر دیاہے ،قومی ٹیم کا سکواڈ دو روز قبل نیوزی لینڈ پہنچا تھا جہاں ان کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے ، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے قومی سکواڈ کو عارضی طور پر پریکٹس سے روک دیا۔
