”کھیل میں تفریح اور ہنسی مذاق کی گنجائش ہے مگر غیر اخلاقی زبان کے استعمال کی نہیں“ آسٹریلین ٹیم کے ہیڈ کوچ نے بھارت کیخلاف سیریز سے قبل حیران کن اعلان کر دیا

”کھیل میں تفریح اور ہنسی مذاق کی گنجائش ہے مگر غیر اخلاقی زبان کے استعمال کی ...
”کھیل میں تفریح اور ہنسی مذاق کی گنجائش ہے مگر غیر اخلاقی زبان کے استعمال کی نہیں“ آسٹریلین ٹیم کے ہیڈ کوچ نے بھارت کیخلاف سیریز سے قبل حیران کن اعلان کر دیا
سورس:   Twitter

  

سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف سیریز میں سخت جملے بازی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، کھیل میں تفریح، ہنسی مذاق کی گنجائش ہے مگر غیر اخلاقی زبان کے استعمال کی بالکل نہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق ایک کانفرنس کال کے دوران جسٹن لینگر نے کہا کہ کرکٹ سیریز کے دوران سخت جملوں کے استعمال کو بالکل بھی برداشت نہیں کریں گے، ہماری ٹیم ماضی کی اس چیز سے آگے نکل چکی ہے، کھیل میں تفریح ،ہنسی مذاق کی گنجائش ہے پر غیراخلاقی زبان کے استعمال کی بالکل نہیں ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ان کی ٹیم کھیل کے دوران سخت جملوں کا استعمال کرنے کی وجہ سے بدنام تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے، آسٹریلیا اور بھارت کے میچز لوگوں کو زبردست تفریح فراہم کریں گے۔ 

رواں ہفتے آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے بھارت کے خلاف کرکٹ سیریز میں اپنے پلان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر میچز کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے ان سے چھیڑ چھاڑ کی یا جملے کسے تو وہ اس کا جواب غصے سے نہیں بلکہ اپنی کارکردگی سے دیں گے۔

واضح رہے کہ ماضی میں کئی بار آسٹریلیا اور بھارت کے کھلاڑیوں کے درمیان میچز میں غصے کا اظہار اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوچکا ہے جبکہ آسٹریلین ٹیم اس حوالے سے خاصی بدنام بھی ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 3ون ڈے، 3 ٹی 20 اور 4ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، دونوں ٹیمیں جمعہ کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سڈنی میں مدمقابل ہوں گی۔

مزید :

کھیل -