” آخری بار جب دادی سے بات ہوئی تو وہ پوچھ رہی تھیں کہ۔۔۔“ مریم نواز کا دکھ بھرا بیان سامنے آگیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ دادی کی وفات سے دو تین روز قبل ویڈیولنک پربات ہوئی تھی۔ دادی کی یاد داشت کمزور ہوچکی تھی۔ آخری بار جب دادی سے بات ہوئی تو وہ پوچھ رہی تھیں کہ کیا تم جیل سے باہرآگئی ہو۔ میری دادی سمجھ رہی تھیں کہ میں ابھی تک جیل میں ہوں۔نجی نیوز چینل ہم نیوز کے مطابق اپنی رہائشگاہ جاتی امرا میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری دادی کو نوازشریف اور شہبازشریف سے بہت محبت تھی،میرے والد دادی کے بغیر کھانا نہیں کھاتے تھے،میری دادی کو بھی میرے والد سے بہت محبت تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کے منع کرنے کے باوجود وہ نوازشریف کے لیے لندن گئیں،دادی کی وفات شریف خاندان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔ حکومت نے دادی کی وفات کے بارے میں نہیں بتایا۔مریم نواز نے کہا کہ میرا بیٹا جنید صفدر مجھے لاہور سے اطلاع دینے کے لیے پشاور کی طرف روانہ ہوا۔ پشاور جلسے میں کسی بھی طرح کا ٹیلی فونک رابطہ نہیں ہو رہا تھا۔ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے نوازشریف کو وآپس آنے سے منع کیا ہے۔