بھرتیوں کے حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی سی منڈی بہا ؤالدین کو شوکاز نوٹس
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائی کورٹ کے مسٹرجسٹس شاہد وحید نے ایجوکیٹرز کی بھرتیوں کے پر عمل درآمد نہ کرنے پر ڈی سی منڈی بہاؤالدین کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تحریری وضاحت سمیت طلب کر لیا کیس کی سماعت شروع ہوئی تو سرکاری وکیل نے عدالت کوبتایا کہ ایجوکیٹرز بھرتی کی 2018ء کی پالیسی کے تحت درخواست گزار تقرری کے اہل نہیں فاضل جج نے عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزاروں کو بھرتی نہ کرنے کا عذر پیش کرنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی منڈی بہا ؤ الدین کو 2016ء کی پالیسی کے تحت درخواستگزاروں کی تقرری کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے دہرا موقف اپنانے پر ڈی سی منڈی بہا ؤالدین کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر تے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
رفاقت علی سمیت دیگر درخواستوں کی طرف سے حسن مجید ایڈووکیٹ نے موقف اختیارکیاکہ درخواست گزاروں نے 2016-2017ء کی پالیسی کے تحت ایجوکیٹرز اسامیوں پر اپلائی کیا، تحریری امتحان اور انٹرویو پاس کرنے کے محکمے نے کامیاب امیدواروں کی حتمی فہرست بھی جاری کر رکھی ہے، رفاقت علی کو میرٹ لسٹ میں تیسرے نمبر پر آنے کے باوجود تقرری کا لیٹر نہیں دیا گیا، محکمے نے 2018ء کی پالیسی کو جواز بنا کر درخواستگزار کو تقرری کا لیٹر دینے سے انکار کر دیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت ہر نئی پالیسی کا اطلاق ماضی سے نہیں کیا جا سکتا، عدالت سے استدعاہے کہ درخواست گزاروں کو بطور ایجوکیٹرز بھرتی کے تقرری لیٹر جاری کرنے کا حکم دیا جائے،