پی ٹی آئی حکومت ہر محاذ پر مکمل ناکام ہو چکی، عبید الرحمان 

  پی ٹی آئی حکومت ہر محاذ پر مکمل ناکام ہو چکی، عبید الرحمان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)جمعیت علما اسلام(ف)کے ضلعی سینئر نائب صدر مولانا عبیدا لرحمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت ہر محاذ پر مکمل ناکام ہو چکی ہے،ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام حالیہ بلدیاتی انتخابات میں سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کی نشست پر جمعیت علما اسلام کے نوجوان امیدوار کفیل احمد نظامی کے انتخابی نشان کتاب پر مہر لگا کر کامیاب بنائیگی،ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی جمعیت علما اسلام کے مرہون منت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی ٹو میں جمعیت علما اسلام کے ذمہ داران کے مفتی محمود مرکز میں منعقدہ اجلاس سے کیا۔اجلاس میں جمعیت علما اسلام کے سٹی میئر تحصیل ڈیرہ سے نامزد امیدوار کفیل احمد نظامی،پیر فواد رضا زکوڑی،ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری اشفاق ایڈوکیٹ، رانا محمد رمضان و دیگر جماعتی ذمہ داران و معززین علاقہ موجود تھے۔اس موقع پر تمام شرکا  نے و اشگاف الفاظ میں یقینی دہانی کرائی کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کے نامزد امیدوار کفیل احمد نظامی کو کامیاب کرائیں گے۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری اشفاق ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔کفیل احمدنظامی نے کہا کہ جمعیت علما اسلام اور ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام ان کو کتاب کے نشان پر مہر لگا کر بھرپور کامیابی سے ہم کنار کرے گی۔انشا اللہ کامیاب ہونے کے بعد علاقے کی تقدیر کو بدلیں گے اور ترقیاتی کاموں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگا۔ جمعیت علما اسلام (ف)کے ضلعی سینئر نائب صدر مولانا عبیدا لرحمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کو لانے والے آج پچتا رہے ہیں ملک میں ترقی کا سفر رک چکا ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی جمعیت علما اسلام سے مشروط ہے۔سی پیک منصوبہ،مفتی محمود ہسپتال و کالج سمیت دیگر میگا پراجیکٹس جے یو آئی کے دور حکومت میں بنائے گئے ہیں۔