شفیق شیر آفریدی ایم پی کے زیر صدارت قائمہ کمیٹی کا اجلاس

      شفیق شیر آفریدی ایم پی کے زیر صدارت قائمہ کمیٹی کا اجلاس

  

پشاور(نیوزرپورٹر)چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی شفیق شیر آفریدی کی زیر صدارت، قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ماحولیات، جنگلات و جنگلی حیات کا اجلاس چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ماحولیات، جنگلات و جنگلی حیات و ایم پی اے شفیق شیر آفریدی نے خوشگوار و صحت مند ماحول قائم رکھنے اور جنگلات کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے موثر عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھر پور کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ شفیق شیر آفریدی نے جنگلی حیات اور فارسٹ گارڈز کے ساتھ ساتھ ادارہ تحفظ ماحولیات کے انسپکٹرز کو رسک و ٹیکنیکل الانسز جاری کرانے کی بھی سفارش کردی.ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں منعقدہ قائمہ کمیٹی برائے ماحولیات، جنگلات و جنگلی حیات کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔چیئر مین کمیٹی نے تمام ضم شدہ اضلاع با لالخصوص ضلع خیبر میں گھریلو استعمال اور لوگوں کی اپنے ذاتی درختوں کی کٹائی اور استعمال پر پابندیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے انتظامیہ سے اس ضمن میں پالیسی واضح کرنے کی بھی ہدایت کی۔ شفیق شیر آفریدی نے چھانگا مانگا کے جنگلات اور ضلع خیبر میں تیراہ میدان کے جنگلات کا کمیٹی ممبران کے دورہ کے لئے انتظامیہ کو امور استوار کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔اس موقع پر فارسٹ آرڈیننس 2002، فارسٹ ڈیویلپمنٹ فنڈز، حکومت خیبر پختونخوا کا صوبے کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کے لئے اقدامات اور صوبے کی سطح پر جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کے واقعات و ملوث افراد کیخلاف کاروائیوں سے متعلق سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ قائمہ کمیٹی اجلاس میں ممبران کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی محمد شفیق افریدی، ملک بادشاہ صالح، لائق محمد خان، ستارہ آفرین، مدیحہ نثار، حمیرہ خاتون اور ایم پی اے روی کمار کے شرکت کرنے سمیت ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ماحولیات، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحولیات، ڈپٹی چیف کنزرویٹر محکمہ جنگلات، کنزرویٹر جنگلی حیات کے علاوہ ڈپٹی و اسسٹنٹ سیکرٹریز صوبائی اسمبلی اور اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں ایم پی اے لائق محمد خان کی درخواست پر اگلے کمیٹی اجلاس میں سیکرٹری محکمہ داخلہ اور پیسکو چیف کو بلانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ چیئر مین شفیق شیر آفریدی نے ایم پی اے روی کمار کی درخواست پر محکمہ ماحولیات، جنگلات و جنگلی حیات کی بھرتیوں میں اقلیتوں کیلئے مخصوص کوٹے کو یقینی بنانے کے احکات بھی جاری کئے۔ اس موقع پر ایم پی اے محمد شفیق آفریدی نے ہدایت کی کہ ضم اضلاع میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں میں تمام محکمے بالا لخصوص محکمہ ماحولیات جنگلات و جنگلی حیات پہلے سے اپنی رائے اور مشاورت یقینی بنایا کریں تاکہ بعد میں کسی قسم کی تکلیف و نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کی انتظامیہ کو تیراہ میدان کی تمام چیک پوسٹوں پر پابندی سے مستثنی لکڑیوں کی تفصیلات آویزاں رکھنے پر بھی زور دیا، تاکہ مقامی لوگوں کو برفباری کے اس سرد موسم میں کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔ اجلاس کے اختتام پر چئیر مین شفیق شیر آفریدی نے تمام معزز ایم پی ایز و ممبران کمیٹی سمیت محکمہ ماحولیات، جنگلات و جنگلی حیات کے انتظامی افسران کا اجلاس میں شرکت یقینی بنانے پر شکریہ ادا کیا۔                    

مزید :

پشاورصفحہ آخر -