احساس راشن پروگرام سیاسی عمل دخل سے بالا ترفلاحی منصوبہ: حسان خاور

  احساس راشن پروگرام سیاسی عمل دخل سے بالا ترفلاحی منصوبہ: حسان خاور

  

      لاہور)خصوصی رپورٹ) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ مہنگائی کے پیچھے کارفرما عالمی اسباب اور وجوہات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت پنجاب نے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے تمام اضلاع میں ڈی سی کاؤنٹرز قائم کر رکھے ہیں۔ ہر ضلع میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری قیمتوں کے نفاذ اور مانیٹرنگ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے معاون خصوصی وزیرِ اعظم برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے ہمراہ احساس راشن پروگرام، مہنگائی اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ احساس 8171 وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے عوامی فلاح و بہبود اور ریلیف و سبسڈی کا ایک جامع پروگرام ہے جو سفید پوش طبقے اور موجودہ حالات کو سامنے رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ عوام کی داد رسی کی جانب ایک احسن قدم بھی گردانا جا سکتا ہے۔ ایسے دیگر پروگرامز بھی تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت 2 کروڑ خاندانوں کو 120 ارب کی سبسڈی دی جائے گی۔ سبسڈی کے نظام میں کرپشن کا کوئی راستہ نہ چھوڑنے کے لیے اسے ہر طریقے سے شفاف رکھنے کیلئے جامع حکمت عملی طے کی گئی ہے۔ یہ پروگرام کسی بھی سیاسی عمل دخل سے بالاتر خالصتاً ایک فلاحی منصوبہ ہوگا۔ تقریب سے ثانیہ نشتر کے علاوہ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید یاور عباس بخاری نے بھی خطاب کیا۔ ثانیہ نشتر نے اس موقع پر پروگرام کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات کے سیر حاصل جواب دئیے اور احساس رعایت پروگرام کے طریقہ کار اور کریانہ سٹور و صارفین کے لئے تیار کی گئی خصوصی موبائل ایپلیکیشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر سوشل ویلفیئر یاور عباس بخاری نے بھی محکمہ سوشل ویلفیئر کا پلیٹ فارم اس مقصد کیلئے استعمال کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

حسان خاور 

مزید :

صفحہ اول -