پاکستان پرامن، خودمختارافغانستان کی حمایت جاری رکھے گا،شاہ محمود 

  پاکستان پرامن، خودمختارافغانستان کی حمایت جاری رکھے گا،شاہ محمود 

  

  اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ علاقائی سلامتی ہمارے خطے میں خوش حالی اور معاشی ترقی کے ہمارے اجتماعی وژن کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے لازم ہے، افغان عوام کو آج شدید معاشی اور انسانی نوعیت کے مسائل کا سامنا ہے،عالمی برادری کو افغان عوام کی تکالیف دور کرنے کے لئے تعمیری انداز میں ربط وتعلق استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ایس سی او کے حکومتی سربراہان کی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دوسری جا نب وزیر خارجہ سے امریکی ڈیمو کریٹ رہنما طاہر جاوید نے حفیظ خان کے ہمراہ وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات،معاشی سفارت کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔حکومتی سربراہان کی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ ایس سی او رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے تمام قائدین کرام اور محترم ساتھیوں کی اس معزز مجلس سے خطاب میرے لئے باعث عزت ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں ایس سی او خطے کے عوام کی ترقی وخوش حالی کی نیک تمناؤں کا وزیراعظم عمران خان کا پیغام آپ کی خدمت میں پیش کرتا ہوں،متحد علاقائی تنظیم کے طور پر ایس سی او عالمی برادری میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے، باہمی تعاون اور تنازعات کے حل پر زور دے کر ایس سی او ایک ایسی دنیا میں انسانیت کو امید کا پیغام دے رہی ہے کہ جہاں مقبولیت پسندی اور اجتماعیت سے کَٹ کر چلنے کی روش، تیزی سے فروغ پا رہی ہے، ایس سی او کے قائدین کی ماسکو، بشکیک اور چنگ داؤ میں ہونے والی سابقہ ملاقاتوں کے نتیجے میں دوشنبے کا اعلامیہ متشکل ہوا تھا۔پاکستان، صحت وتعلیم میں معاونت، افغانستان سے آنے والی اشیاء کیلئے تجارتی راہداری میں سہولیات کے اضافے اور افغان مصنوعات پر ٹیرف کے خاتمے جیسے اقدامات کے ذریعے افغانستان کی سماجی ومعاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے، ہم اپنے شراکت داروں کے اشتراک عمل سے افغانستان کے ساتھ امور کار جاری رکھیں گے، پاکستان، ایک پرامن، مستحکم، خودمختار، خوش حال اور وحدت کے حامل افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ دریں اثناء امریکی ڈیمو کریٹ رہنما طاہر جاوید نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں  پاک امریکہ بزنس فورم کے چیئرمین حفیظ خان بھی ان کے ہمراہ تھے،دوران ملاقات پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات،معاشی سفارت کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ امریکی کمپنیاں ان مراعات سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان کے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما سکتی ہیں طاہر جاوید نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے،انہیں، پاکستان اور امریکہ کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دیا۔

شاہ محمود 

مزید :

صفحہ اول -