سٹا ک مارکیٹ میں چوتھے روز بھی مندی، ڈالر کی قیمت کوبریک لگ گئی: سونا سستا

سٹا ک مارکیٹ میں چوتھے روز بھی مندی، ڈالر کی قیمت کوبریک لگ گئی: سونا سستا

  

        کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں مسلسل چوتھے روزبھی کاروبار حصص مندی کی زد میں رہااورکے ایس ای100انڈیکس مزید427پوائنٹس گھٹ گیا،اس طرح دوروز کے دوران انڈیکس927پوائنٹس تک گھٹ گیا،جمعرات کو مندی کی وجہ سے 44300،44200،44100،44000اور39900پوائنٹس کی 5نفسیاتی حدیں گر گئیں۔ آئی ایم ایف کی جانب سے سٹیٹ بینک سے مستقل طور پر قرض لینے کی حکومت کی تجویز کو مسترد کرنے،بڑھتی ہوئی غیر یقینی اور پیٹرولیم سیکٹر کی جانب سے ہونیوالی ہڑتال نے مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب کئے ہوئے ہیں جبکہ شرح سود میں اضافے کے اثرات سے بھی سرمایہ کار ابھی تک باہر نہیں نکل پائے ہیں اور نئی سرمایہ کاری سے گریز کرتے دکھائی دیتے ہیں۔سرمایہ کاروں کی دلچسپی کم ہونے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ روز کی نسبت کاروباری حجم ساڑھے11کروڑ شیئرز کم رہا۔جمعرات کوسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اورایک موقع پر 100انڈیکس 150پوانٹس کی تیزی سے44513پوائنتس تک بھی پہنچا لیکن بعد ازاں سرمایہ کاروں نے منافع کے حصول کی خاطر شیئرز کی فروخت کے سبب مارکیٹ مندی کا شکار ہوگئی جو مارکیٹ کے اختتام تک جاری رہی، جس سے سرمایہ کاروں کو53ارب روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔ کے ایس ای100انڈیکس میں 427.95پوائنٹس کی کمی سے 43935.75پوائنٹس ہو گیا۔کے ایس ای30انڈیکس 184.74پوائنٹس کی کمی سے 16939.28پوائنٹس پر آگیا، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس213.48پوائنٹس کم ہو کر30249.34پوائنٹس اور کے ایم آئی30انڈیکس688.96پوائنٹس کے خسارے سے 70668.21پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروبار میں مندی کے باعث مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ53ارب44کروڑ88لاکھ22ہزار309روپے گھٹ کر 75کھر ب 74ارب 5کروڑ52لاکھ 93ہزار735 روپے رہ گیا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو19 کروڑ51لاکھ74ہزار 200حصص کے سودے ہوئے، شیئرزمارکیٹ میں مجموعی طور پر328کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے121کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ185میں کمی اور22کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ادھر ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کو بریک لگ گئی،جبکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطا بق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 6 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمت 175 روپے 4 پیسے کم ہو کر 174 روپے 98 پیسے ہو گئی ہے۔دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا لیکن ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا سستا ہو گیا۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق جمعرات کو عالمی مارکیٹ میں 2ڈالر اضافے سے فی اونس سونا1790ڈالر ہو گیا، تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا100روپے کی کمی سے1لاکھ24ہزارروپے کا رہ گیا، اسی طرح 86روپے کے خسارے سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ6ہزار310روپے پر آ گئی۔

سٹاک مارکیٹ 

مزید :

صفحہ اول -