ٹیکس ریکوری کیلئے اقدامات کررہے ہیں،رفاقت گیلانی

ٹیکس ریکوری کیلئے اقدامات کررہے ہیں،رفاقت گیلانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ملتان (نیوز   رپورٹر)معاون خصوصی  وزیراعلی پنجاب  برائے ایکسائز،ٹیکسیشن اینڈ نارکو ٹکس کنٹرول سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ ٹیکس ریکوری کی بہتری،سمارٹ کارڈ اور نمبر پلیٹس کے فوری اجراکے لئے ہرممکن اقدامات بروئے کارلائے جارہے ہیں۔یہ(بقیہ نمبر30صفحہ6پر)
 بات انہوں نے ایکسائز ڈائریکٹوریٹ ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسائز ملتان ڈویژن عبداللہ خان جلبانی اورڈائریکٹر بہاولپور ڈویژن جام سراج احمد بھی موجودتھے۔ سید رفاقت علی گیلانی نے مزیدکہاکہ عوام کے ایکسائز سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے اپر پنجاب کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی سیٹ اپ لگایاجائے گاتاکہ یہاں کے لوگوں کو بآسانی سمارٹ کارڈ اور نمبر پلیٹس دستیاب ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پوسٹ آفس کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے جس کے تحت نمبر پلیٹس اورسمارٹ کارڈ صارفین کو ان کی دہلیز پہنچانا شروع کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ میرا ملتان کاپہلا دورہ تھا۔آج کے د ورے کا مقصد سائلین سے مل کران کے مسائل سے آگاہی ملی ہے اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو درپیش ایشوز کا پتہ چلا ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ میں اب ہرضلع کا دورہ کروں گا۔ کوشش کروں گا کہ خفیہ دورے بھی کروں تاکہ عوام کے مسائل سے آگاہی ہو۔انہوں نے کہا کہ عملے کی کمی اور سہولیات کے فقدان کے باوجودجنوبی پنجاب کے تینوں ڈویژنوں کی ٹیکس وصولی بہتر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملتان آفس کے دورے کے بعد احساس ہوا ہے کہ نئی بھرتیاں، ادارے کی نئی بلڈنگ اوردیگر سہولیات کوپورا کرنے کے لئے وزیراعلی پنجاب کو سفارشات پیش کی جائیں گی۔سید رفاقت علی گیلانی نے کہاکہ نارکوٹکس کنٹرول کے حوالے سے تھانوں کے قیام کیلئے مشاورت جاری ہے جس پر جلد عملدرآمد ہونے جارہاہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے ٹیکس کی شرح کاموازنہ لاہوراور راولپنڈی سے کیا جاتا ہے لیکن یہاں وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں۔تاہم موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیوں کاازالہ کرنے کیلئے ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہی ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں۔انہوں نے کہاکہ لیہ جیسے ضلع میں یونیورسٹی اور مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا قیام وزیراعلی کا اس خطے کے ساتھ تعلق ظاہر کرتا ہے۔مہنگائی کے حوالے انہوں نے کہاکہ مہنگائی کنٹرول کرنا عالمی سطح کامسئلہ ہے اور موجودہ حکومت مہنگائی پرقابوپانے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔قبل ازیں سید رفاقت علی گیلانی نے جنوبی پنجاب کے تینوں ڈویژنل افسران سے ملاقات کی۔اس موقع پر ٹیکس ریکوری اور دیگر معاملات کے حوالے سے بریفنگ بھی لی۔افسران نے ادارے کودرپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر معاون خصوصی نے انہیں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی نے ادارے کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن/ ای ٹی او پراپرٹی ٹیکس خالد حسین قصوری اور پبلک ریلیشن آفیسر عارف نیازی اور دیگر موجود تھے
رفاقت گیلانی