ملک میں کہیں پٹرول پمپس کھلے، کہیں بند، پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں، ہڑتال کی آڑ میں کچھ پٹرولیم ڈیلرز گروپس 9روپے کا اضافہ چاہتے ہیں: حکومت

    ملک میں کہیں پٹرول پمپس کھلے، کہیں بند، پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ (نیوز رپورٹر، لیڈی رپورٹر،سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں متعدد پٹرول پمپس بند ہیں، پٹرول نہ ملنے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جہاں پٹرول دستیاب وہاں لمبی قطاریں ہیں، پمپس بند ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہے۔ شہری پٹرول کی تلاش میں ایک پمپ سے دوسرے پر چکر لگانے کیلئے مجبور ہوگئے۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ حکومت نے پی ایس او کے پٹرول پمپس کھلے رہنے کا وعدہ کیا لیکن ان میں سے بھی بیشتر بند ہیں۔ کچھ شہروں میں جہاں چند پٹرول پمپس کھلے ہیں وہاں لمبی قطاریں لگی ہیں۔ملک بھر سمیت صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی پٹرول کی قلت برقرار رہی جبکہ شہر کے پوش ایریاز سمیت دیگر مقامات کے پٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں،بعض پٹرول پمپس نے پٹرول کی بندش کر دی جس کے باعث شہر کے باسی سارا دن پٹرول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خوار ہوتے نظر آئے، تاہم شہر کے 42 پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رہی، ٹوٹل، شیل، پی ایس او، زوم، حسکول، گوپٹر ولیم اور یورو پمپس پر پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔شہر میں شامی روڈ، جوہر ٹاؤن بی بلاک، گلبرگ تھری، فردوس مارکیٹ، ایم اے او کالج لوئر مال، اقبال ٹاؤن، ایکسپو سنٹر، سبزہ زار، فیصل ٹاؤ ن، شادمان اور وحدت روڈ پر پمپس کھلے رہے۔جبکہ کئی مقامات پر شہریوں کی پٹرول پمپس کی ہونیوالی ہڑتال کے باعث خوار ہوتی رہی اور پٹرول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تگ و دو کرتی نظر آئی۔صوبائی دارلحکومت سمیت پنجاب بھر کے پیٹرول پمپس کی جزوی ہڑتال کی وجہ سے شہریوں کو پیٹرول کیلئے شدید مشکلات کا سامنا رہا، شہر میں کھلے پیٹرول پمپ پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی لائنیں لگ گئی۔ لاہور شہر کے 360سے زائد پیٹرو پمپس میں سے 55سے زائد پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رہی جبکہ  پنجا ب حکومت، ایل ڈی اے اور نیم سرکاری اداروں کے پمپس پر آئل دستیاب رہا۔ دریں اثنا اقبال ٹاؤن، ایکسپو سنٹر، سبزہ زار، فیصل ٹاؤن، شادمان اور وحدت روڈ پر پمپس کھلے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پٹرول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مختلف علاقوں کے دورے کئے جا رہے ہیں اور پٹرول کی دستیابی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا کہ لاہورشہر کے 80فیصد پیٹرول پمپس بند ہیں اور حکومت جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں کرتی پیٹرول پمپس نہیں کھولیں گے، حکومت وعد و ں کی بجائے کمیشن بڑھانے کا نوٹیفکیشن جا ری کرے۔ادھر اوگرا نے پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کا نوٹس لیکر مارکیٹنگ کمپنیوں کو بلا تعطل سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کرنے سمیت صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دیدیں۔ ترجمان پیٹرولیم ڈویژن نے کہا ہے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں، تمام بڑی کمپنیوں کے پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی سیل جاری ہے۔پیٹرولیم ڈویژن حکام سے تمام بڑی آئل کمپنیز (او ایم سی)، پی ایس او، ٹوٹل پارکو اور شیل کے نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں او سی اے سی اور ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، پیٹرولیم ڈویژن نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تجاویز ای سی سی کو بھجوا دی ہیں، مارجن میں اضافے کی تمام تفصیل پی آئی ڈی ای کی غیر جانبدارانہ رپورٹ پر مبنی ہے۔ ڈیلرز مارجن میں باقاعدگی سے اضافہ کیا جاتا رہا ہے، اس سال اپریل میں بھی مارجن میں اضافہ کیا گیا، ضابطہ کار کی روشنی میں ڈیلرز ایسوسی ایشن کو ای سی سی اجلاس کا انتظار کرنا چاہیے۔ ڈیلرز ایسوسی ایشن عوام کی مشکلات کا احساس کرے اور ملک کے وسیع تر مفاد میں ذمہ داری کا ثبوت دیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی حماد اظہرنے کہا ہے پٹرول پمپس کی ہڑتال کی آڑ میں کچھ گروپس 9 روپے کا اضافہ کروانا چاہتے ہیں، چند کمپنیوں کو نوازنے کیلئے 9 روپے کا اضافہ نہیں کیا جا سکتا، جائز مطالبات مانیں گے، ناجائز نہیں، عوام کو پریشان کرنا درست نہیں۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبہ پر مارجن میں اضافے کی سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کر دی گئی ہے، آئندہ اجلاس میں اس کا فیصلہ ہو جائیگا، پٹرول پمپ مالکان کی مشکلات کا احساس ہے، پٹرول پمپ مالکان بھی عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔دوسری جانب ترجمان وزارت توانائی کے مطابق پی ایس او کے اکثر پٹرول پمپس کھلے رہے،جبکہ بند پٹرول پمپس بھی کھولنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔گو (G O) پٹرولیم کے سی ای او خالد ریاض نے وزیر توانائی حماد اظہر سے ٹیلی فونک گفتگو کی، ترجمان کے مطابق GOپٹرولیم کی اکثریت پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری ہے۔سرکاری آئل کمپنی پی ایس او کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں پی ایس او کے 60 سے 70 فیصد پیٹرول پمپ معمول کے مطابق کام کررہے ہیں، پی ایس او کے باقی پٹرو ل پمپس بھی کھولنے کے احکامات جاری ہو چکے ہیں، شہریوں کو فیول کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔پی ایس او کو گزشتہ پانچ گھنٹوں میں ڈیلرز کی جانب سے  6,500 میٹرک ٹن پیٹرول اور 6,000 میٹرک ٹن ڈیزل کے آرڈرز موصول ہوچکے ہیں، پی ایس او کا عملہ عوام کی خدمت کیلئے مسلسل سرگرم عمل ہے۔
پٹرول ہڑتال

لاہور، کراچی(جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور پاکستا ن پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی کابے قابو جن گلی گلی، قریہ قریہ اعلان کررہا ہے وزیراعظم چور، قطاروں میں کھڑے عوام آج پرانے پاکستان کو حسرت سے یاد کررہے ہیں تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے کہا ہے کہ پورے ملک کو تین سال سے نااہلی، نالائقی، کرپشن اور مہنگائی کی سموگ نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، پٹرول، آٹے، چینی اور اشیائے ضروریہ کیلئے قوم کو قطاروں میں دھکے کھاتے دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، راشن کارڈ، قطاریں، مہنگائی، یوٹرن، جھوٹ نئے پاکستان کی شناختی علامات ہیں۔ اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا عمران نیازی کی دیدہ دلیری پر حیرت ہے، اب کنٹینر والی باتیں کیوں بھول گئے ہیں، اب ان کی سیاسی اخلاقیات کہاں ہے۔ ہر دن نیابحران اورہر روز قیمتوں میں اضافہ پکارپکار کر دہائی دے رہا ہے یہ حکومت رہی تو ملک نہیں چلے گا، عوام تکلیف میں رہے گی،ملک بھر میں نااہلی وبدانتظامی کی انتہا ہے۔ ڈالر کی پرواز قوم کی مہنگائی کے دردناک کرب کو مسلسل بڑھا رہی ہے، کوئی پرسان حال نہیں، ظالم حکمرانوں کی بے حسی غریبوں کے زخموں پر نمک ہے۔ادھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے عوام کو آٹا چینی اور اب پٹرول کیلئے قطاروں میں کھڑا کرنا ظلم کی انتہا ہے۔ خلقِ خدا رْل رہی ہے، تڑپ رہی ہے مگر مجال ہے ظالم حکومت کو کوئی فرق پڑے؟، ایک دن بھی عمران خان کو عوام کی تکلیف پر پریشان ہوتے نہیں دیکھا۔اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالا کی یہ تصاویر صرف پیٹرول کیلئے قطاروں کی نہیں بلکہ عوام کے کر ب، تکلیف اور بے بسی کی داستان ہے۔ دعا ہے انہی قطا ر و ں میں عمران خان، اسکو مسلط کرنیوالے اور وزرا ء بھی کھڑے ہوں تاکہ انہیں پتہ چلے عوام پر کیا قیامت ٹوٹی ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں (ن) لیگی نائب صدر نے ویڈیو شیئر کی،جس میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان پر شدید الفاظ میں تنقید کی۔دوسری جانب ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کی اذیت، پٹرول، گیس کی قطاروں سے نجات دلائی، سبز باغ دکھا کر عمران صاحب نے قوم کو دوبارہ قطاروں میں کھڑا کر دیا، آٹا، چینی تو کہیں گیس، پٹرول اور بیروزگاروں کی قطاریں ہیں، ہر طرف نئے پاکستان کے اذیت ناک مناظر ہیں۔دوسری طرف ملک بھر میں پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی طرف سے ہڑتال کے اعلان کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا پٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے بعد حکومتی نااہلی سے ملک میں افراتفری پھیل چکی ہے، امورِ زندگی کو ٹھپ کرکے وزیراعظم عمران خان نے ہر پاکستانی کی زندگی کو اجیرن کردیا ہے۔ حکومت نے پٹرولیم ڈیلرز کے مطالبات کے معاملے میں نااہلی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں آج پورا ملک پریشان ہے، ملک بھر میں بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں، اکثر پر گاڑیوں کی طویل قطا ر یں لگی ہوئی ہیں، کاروباری امور متاثر ہیں، یہ حکومت کی ناکامی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت حل ہونیوالے مسائل کو بھی اپنی نااہلی سے بحران بنادیتی ہے، عوام پہلے ہی ملکی تاریخ کا مہنگا ترین پٹرول خرید رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اگلا اضافہ تباہ کن ہوگا۔ لوڈشیڈنگ کیساتھ مہنگی بجلی اور قلت کیساتھ مہنگا پیٹرول اور گیس پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کے تحفے ہیں، پہلے دن سے ہم نے پی ٹی آئی بجٹ کو ناکام کہا، آج بجٹ کے ثمرات سے ثابت ہوگیا عمران خان ایک نااہل حکمران ہیں۔
شہباز، مریم، بلاول

مزید :

صفحہ اول -