نشتر ٹو میں میڈیکل یونیورسٹی کیلئے جگہ مختص، یاسمین راشد

 نشتر ٹو میں میڈیکل یونیورسٹی کیلئے جگہ مختص، یاسمین راشد

  

    ملتان (  وقائع نگار)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولیات میں بہتری کے منصوبوں پر کام کررہی ہے تاکہ عوام کو علاج معالجہ کی جدید اور معیاری سہولیات میسر آسکیں یہ بات انہوں نے نشتر ٹو ہسپتال کے تعمیراتی منصوبہ کا معائنہ کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب نادر چٹھہ، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی رانا الطاف، چیئرمین پی ایچ اے ملتان اعجاز جنجوعہ بھی موجود تھے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ 8 ارب84 کروڑ روپے مالیت کا یہ منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے تحفہ ہے اس کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ 58 ایکڑرقبہ پر مشتمل نشتر ٹو میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے لیے بھی جگہ مختص کی گئی ہے 500بیڈ پر مشتمل پانچ منزلہ ہسپتال کی عمارت کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جارہا ہے۔اس منصوبہ میں مریضوں کے لواحقین کے لیے تین منزلہ سرائے بھی تعمیر کی جا رہی ہے جس میں 200 افراد کی رہائش کی گنجائش ہو گی ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ کے لیے رہائشی بلاک بھی تعمیراتی منصوبہ کا حصہ ہے۔ بجلی کی فراہمی کے لیے 450 ملین کا گرڈ اسٹیشن بھی تعمیر کیا جائے گا متبادل پاور سپلائی کے لیے چار بڑے جنریٹر بھی نصب ہوں گے مرکزی عمارت کا ڈھانچہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے عمارت میں کولنگ اور ہیٹنگ کا مرکزی نظام بھی نصب ہو گا طبی آلات و مشینری کی جلد خریداری کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

یاسمین راشد

مزید :

صفحہ اول -