ملک میں کہیں پٹرول پمپس کھلے، کہیں بند: پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں، ہڑتال کی آڑمیں کچھ پٹرولیم ڈیلرز گروپس 9روپے کا اضافہ چاہتے ہیں، حکومت 

ملک میں کہیں پٹرول پمپس کھلے، کہیں بند: پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ (نیوز رپورٹر، لیڈی رپورٹر،سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں متعدد پٹرول پمپس بند ہیں، پٹرول نہ ملنے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جہاں پٹرول دستیاب وہاں لمبی قطاریں ہیں، پمپس بند ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہے۔ شہری پٹرول کی تلاش میں ایک پمپ سے دوسرے پر چکر لگانے کیلئے مجبور ہوگئے۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ حکومت نے پی ایس او کے پٹرول پمپس کھلے رہنے کا وعدہ کیا لیکن ان میں سے بھی بیشتر بند ہیں۔ کچھ شہروں میں جہاں چند پٹرول پمپس کھلے ہیں وہاں لمبی قطاریں لگی ہیں۔ملک بھر سمیت صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی پٹرول کی قلت برقرار رہی جبکہ شہر کے پوش ایریاز سمیت دیگر مقامات کے پٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں،بعض پٹرول پمپس نے پٹرول کی بندش کر دی جس کے باعث شہر کے باسی سارا دن پٹرول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خوار ہوتے نظر آئے، تاہم شہر کے 42 پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رہی، ٹوٹل، شیل، پی ایس او، زوم، حسکول، گوپٹر ولیم اور یورو پمپس پر پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔شہر میں شامی روڈ، جوہر ٹاؤن بی بلاک، گلبرگ تھری، فردوس مارکیٹ، ایم اے او کالج لوئر مال، اقبال ٹاؤن، ایکسپو سنٹر، سبزہ زار، فیصل ٹاؤ ن، شادمان اور وحدت روڈ پر پمپس کھلے رہے۔جبکہ کئی مقامات پر شہریوں کی پٹرول پمپس کی ہونیوالی ہڑتال کے باعث خوار ہوتی رہی اور پٹرول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تگ و دو کرتی نظر آئی۔صوبائی دارلحکومت سمیت پنجاب بھر کے پیٹرول پمپس کی جزوی ہڑتال کی وجہ سے شہریوں کو پیٹرول کیلئے شدید مشکلات کا سامنا رہا، شہر میں کھلے پیٹرول پمپ پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی لائنیں لگ گئی۔ لاہور شہر کے 360سے زائد پیٹرو پمپس میں سے 55سے زائد پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رہی جبکہ  پنجا ب حکومت، ایل ڈی اے اور نیم سرکاری اداروں کے پمپس پر آئل دستیاب رہا۔ دریں اثنا اقبال ٹاؤن، ایکسپو سنٹر، سبزہ زار، فیصل ٹاؤن، شادمان اور وحدت روڈ پر پمپس کھلے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پٹرول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مختلف علاقوں کے دورے کئے جا رہے ہیں اور پٹرول کی دستیابی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا کہ لاہورشہر کے 80فیصد پیٹرول پمپس بند ہیں اور حکومت جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں کرتی پیٹرول پمپس نہیں کھولیں گے، حکومت وعد و ں کی بجائے کمیشن بڑھانے کا نوٹیفکیشن جا ری کرے۔ادھر اوگرا نے پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کا نوٹس لیکر مارکیٹنگ کمپنیوں کو بلا تعطل سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کرنے سمیت صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دیدیں۔ ترجمان پیٹرولیم ڈویژن نے کہا ہے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں، تمام بڑی کمپنیوں کے پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی سیل جاری ہے۔پیٹرولیم ڈویژن حکام سے تمام بڑی آئل کمپنیز (او ایم سی)، پی ایس او، ٹوٹل پارکو اور شیل کے نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں او سی اے سی اور ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، پیٹرولیم ڈویژن نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تجاویز ای سی سی کو بھجوا دی ہیں، مارجن میں اضافے کی تمام تفصیل پی آئی ڈی ای کی غیر جانبدارانہ رپورٹ پر مبنی ہے۔ ڈیلرز مارجن میں باقاعدگی سے اضافہ کیا جاتا رہا ہے، اس سال اپریل میں بھی مارجن میں اضافہ کیا گیا، ضابطہ کار کی روشنی میں ڈیلرز ایسوسی ایشن کو ای سی سی اجلاس کا انتظار کرنا چاہیے۔ ڈیلرز ایسوسی ایشن عوام کی مشکلات کا احساس کرے اور ملک کے وسیع تر مفاد میں ذمہ داری کا ثبوت دیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی حماد اظہرنے کہا ہے پٹرول پمپس کی ہڑتال کی آڑ میں کچھ گروپس 9 روپے کا اضافہ کروانا چاہتے ہیں، چند کمپنیوں کو نوازنے کیلئے 9 روپے کا اضافہ نہیں کیا جا سکتا، جائز مطالبات مانیں گے، ناجائز نہیں، عوام کو پریشان کرنا درست نہیں۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبہ پر مارجن میں اضافے کی سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کر دی گئی ہے، آئندہ اجلاس میں اس کا فیصلہ ہو جائیگا، پٹرول پمپ مالکان کی مشکلات کا احساس ہے، پٹرول پمپ مالکان بھی عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔دوسری جانب ترجمان وزارت توانائی کے مطابق پی ایس او کے اکثر پٹرول پمپس کھلے رہے،جبکہ بند پٹرول پمپس بھی کھولنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔گو (G O) پٹرولیم کے سی ای او خالد ریاض نے وزیر توانائی حماد اظہر سے ٹیلی فونک گفتگو کی، ترجمان کے مطابق GOپٹرولیم کی اکثریت پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری ہے۔سرکاری آئل کمپنی پی ایس او کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں پی ایس او کے 60 سے 70 فیصد پیٹرول پمپ معمول کے مطابق کام کررہے ہیں، پی ایس او کے باقی پٹرو ل پمپس بھی کھولنے کے احکامات جاری ہو چکے ہیں، شہریوں کو فیول کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔پی ایس او کو گزشتہ پانچ گھنٹوں میں ڈیلرز کی جانب سے  6,500 میٹرک ٹن پیٹرول اور 6,000 میٹرک ٹن ڈیزل کے آرڈرز موصول ہوچکے ہیں، پی ایس او کا عملہ عوام کی خدمت کیلئے مسلسل سرگرم عمل ہے۔
پٹرول ہڑتال

لاہور، کراچی(جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور پاکستا ن پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی کابے قابو جن گلی گلی، قریہ قریہ اعلان کررہا ہے وزیراعظم چور، قطاروں میں کھڑے عوام آج پرانے پاکستان کو حسرت سے یاد کررہے ہیں تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے کہا ہے کہ پورے ملک کو تین سال سے نااہلی، نالائقی، کرپشن اور مہنگائی کی سموگ نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، پٹرول، آٹے، چینی اور اشیائے ضروریہ کیلئے قوم کو قطاروں میں دھکے کھاتے دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، راشن کارڈ، قطاریں، مہنگائی، یوٹرن، جھوٹ نئے پاکستان کی شناختی علامات ہیں۔ اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا عمران نیازی کی دیدہ دلیری پر حیرت ہے، اب کنٹینر والی باتیں کیوں بھول گئے ہیں، اب ان کی سیاسی اخلاقیات کہاں ہے۔ ہر دن نیابحران اورہر روز قیمتوں میں اضافہ پکارپکار کر دہائی دے رہا ہے یہ حکومت رہی تو ملک نہیں چلے گا، عوام تکلیف میں رہے گی،ملک بھر میں نااہلی وبدانتظامی کی انتہا ہے۔ ڈالر کی پرواز قوم کی مہنگائی کے دردناک کرب کو مسلسل بڑھا رہی ہے، کوئی پرسان حال نہیں، ظالم حکمرانوں کی بے حسی غریبوں کے زخموں پر نمک ہے۔ادھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے عوام کو آٹا چینی اور اب پٹرول کیلئے قطاروں میں کھڑا کرنا ظلم کی انتہا ہے۔ خلقِ خدا رْل رہی ہے، تڑپ رہی ہے مگر مجال ہے ظالم حکومت کو کوئی فرق پڑے؟، ایک دن بھی عمران خان کو عوام کی تکلیف پر پریشان ہوتے نہیں دیکھا۔اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالا کی یہ تصاویر صرف پیٹرول کیلئے قطاروں کی نہیں بلکہ عوام کے کر ب، تکلیف اور بے بسی کی داستان ہے۔ دعا ہے انہی قطا ر و ں میں عمران خان، اسکو مسلط کرنیوالے اور وزرا ء بھی کھڑے ہوں تاکہ انہیں پتہ چلے عوام پر کیا قیامت ٹوٹی ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں (ن) لیگی نائب صدر نے ویڈیو شیئر کی،جس میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان پر شدید الفاظ میں تنقید کی۔دوسری جانب ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کی اذیت، پٹرول، گیس کی قطاروں سے نجات دلائی، سبز باغ دکھا کر عمران صاحب نے قوم کو دوبارہ قطاروں میں کھڑا کر دیا، آٹا، چینی تو کہیں گیس، پٹرول اور بیروزگاروں کی قطاریں ہیں، ہر طرف نئے پاکستان کے اذیت ناک مناظر ہیں۔دوسری طرف ملک بھر میں پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی طرف سے ہڑتال کے اعلان کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا پٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے بعد حکومتی نااہلی سے ملک میں افراتفری پھیل چکی ہے، امورِ زندگی کو ٹھپ کرکے وزیراعظم عمران خان نے ہر پاکستانی کی زندگی کو اجیرن کردیا ہے۔ حکومت نے پٹرولیم ڈیلرز کے مطالبات کے معاملے میں نااہلی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں آج پورا ملک پریشان ہے، ملک بھر میں بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں، اکثر پر گاڑیوں کی طویل قطا ر یں لگی ہوئی ہیں، کاروباری امور متاثر ہیں، یہ حکومت کی ناکامی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت حل ہونیوالے مسائل کو بھی اپنی نااہلی سے بحران بنادیتی ہے، عوام پہلے ہی ملکی تاریخ کا مہنگا ترین پٹرول خرید رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اگلا اضافہ تباہ کن ہوگا۔ لوڈشیڈنگ کیساتھ مہنگی بجلی اور قلت کیساتھ مہنگا پیٹرول اور گیس پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کے تحفے ہیں، پہلے دن سے ہم نے پی ٹی آئی بجٹ کو ناکام کہا، آج بجٹ کے ثمرات سے ثابت ہوگیا عمران خان ایک نااہل حکمران ہیں۔
شہباز، مریم، بلاول

  ملتان (نیوز رپورٹر،  سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ ضلع میں پی ایس او اور شیل کمپنی کے زیر اہتمام چلنے والے پٹرول پمپس مکمل فعال ہیں اور شہریوں کو پٹرولیم کی سپلائی فراہم کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پٹرولیم کمپنیوں کے ایگزیکٹو منیجرز سے ایک ملاقات میں کیا۔اس موقع پر شیل کمپنی کے ڈویژنل منیجر محمد عثمان اور پی ایس او کے مینجر لعل خان نے سپلائی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔شیل کمپنی اور پی ایس او کے نمائندہ نے بتایا کہ شیل کمپنی کے 5اور پی ایس او کے 52 پٹرول پمپ پر سپلائی جاری ہے۔ضلع میں بلاتعطل سپلائی کیلئے 15روز کا سٹاک موجود ہے۔ڈپٹی کمشنر نے پٹرولیم کمپنیوں کو سپلائی بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شیرشاہ ڈپو سے ساڑھے 3 لاکھ لٹر سے زائد روزانہ سپلائی کی جارہی ہے۔شہریوں کی سہولت کیلئے پٹرول پمپس مکمل فعال رکھیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں پٹرول و ڈیزل کی کوئی قلت نہیں ہے۔انتظامیہ بلاتعطل سپلائی کیلئے پٹرولیم کمپنیوں سے مکمل رابطے میں ہے حکومت اور پٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے مذاکرات ناکام ہونے پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی پٹرول پمپ مالکان کی جانب سے جزوی ہڑتال رہی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ پولیس و آرمی ایریاز میں چند پٹرول پمپ کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی جاری رہی تاہم کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیئے پٹرول پمپس پر پولیس اہلکار بھی الرٹ رہے پٹرول پمپس کی جزوی ہڑتال کے باعث پی ایس او کے زیر اہتمام سپلائی جاری رکھنے والے پٹرول پمپس پر شہریوں کا دن بھر اژدھام رہا اور صارفین کی لمبی قطاریں لگی رہی ہیں جبکہ دوسری طرف شہر کے مختلف علاقہ جات میں پٹرول کی غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کی چاندی ہوگئی اور شہری 200 روپے لیٹر تک خریداری کرکے لٹتے رہے ہیں پٹرول پمپس کی ہڑتال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسورٹرز نے بھی کرایے بڑھا کر مسافروں کی جیبوں پر خوب ہاتھ صاف کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی شہری دن بھر پٹرول کے حصول میں مختلف چوراہوں دھکے کھاتے رہے ہیں شہریوں کے مطابق پٹرول پمپس ایسوسی ایشن نے اپنے مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے سپلائی بند کرکے پورا نظام درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے اگر ہڑتال کو مزید طوالت دی گئی تو بچوں کی تدریسی اداروں میں حاضری نہ ہونے سے تعلیم متاثر ہونے سمیت سرکاری و نجی اداروں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے انہوں نے فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ذات سے بالاتر ہوکر ملک و قوم کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے باہم مذاکرات کو کامیاب بنا کر عوام کو اس اذیت سے نجات دلائیں۔
 ڈیرہ غازیخان،عبدالحکیم،چوک اعظم،ٹبہ سلطان پور،خانیوال،حاصل پور،کوٹ ادو، وہاڑی،چوٹی زیریں،بوریوالا، اوچشریف، راجن پور، بہاولپور(سٹی رپورٹر،نامہ نگار،بیورو رپورٹ، نمائندہ خصوصی، تحصیل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر)  پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کی طرف سے کمیشن نہ بڑھانے پرپٹرول پمپ بندکرنے کااعلان کیاگیاتھاجس کے برعکس حکومتی کمپنی پاکستان سٹیٹ  آئل کی طرف سے اعلان کیاگیاتھاکہ پی ایس اوکے تمام پٹرول پمپس کھلے رہیں گے لیکن ہڑتال ہوتے ہی تمام پی ایس اوپٹرول پمپ مالکان نے بھی پمپ بندکردیئے ہیں جس پرضلعی انتظامیہ حکومتی کمپنی کے پٹرول پمپس کھلوانے میں بھی ناکام ہوچکی ہے اورشہری پٹرول نہ ملنے کی وجہ سے پریشانیوں کاشکار ہیں عوامی وسماجی حلقوں نے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔ڈپٹی کمشنر راجن پور احمر نائیک نے کہا ہے کہ راجن پور میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔اس سلسلے میں افسران کی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے والے کاروباری حضرات کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ضلع راجنپور میں پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آئل کمپنیوں کے نمائندوں سے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جائیگا۔راجنپور میں پٹرولیم مصنوعات کا سٹاک موجود ہے۔شہریوں کو ضرورت کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔حکومت ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات پر بھی ہمدردانہ غور کررہی ہے۔مرکزی قیادت کی کال پر پورے پاکستان کی طرح بہاول پورمیں پیٹرول پمپ غیرمعینہ مدت تک مکمل طورپربندرہیں گے ان خیالات کا اظہار محمدیسین صدرپیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن بہاول پور نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ کیا ان کا کہنا تھا کہ ڈیلرزایسوسی ایشن کے چیرمین عبدالسمیع خان کی کال پرتمام بہاول پور ضلع میں پیٹرول پمپ بندرکھے جائیں گے کیونکہ ہمارامطالبہ ہے کہ پیٹرول پمپ ڈیلرز کاپرافٹ آف مارجن قیمت فروخت پر اڑھائی فیصدسے بڑھاکر چھ فیصد کیاجائے مہنگائی کی وجہ سے حالات بہت مشکل ہوگئے ہیں ہمارے اخراجات (آپریشنل کاسٹ) بہت بڑھ گئے ہیں بجلی سمیت یوٹیلٹی بلز'تنخواہیں بہت بڑھ گئی ہیں اس لئے اب یہ ممکن نہیں ہے کہ ہم اپنے پیٹرو ل پمپ پرانے کمیشن پر چلاسکیں  اس لئے اگر گورنمنٹ نے ہمارے مطالبات تسلیم کرلئے توٹھیک بصورت دیگر پورے ملک میں پیٹرول پمپ بند کردیں گے کیونکہ ہماراسرمایہ ختم ہوگیا ہے اور نقصان کرکرکے ہم اس قابل ہی نہیں رہے کہ ہم اپنی پراڈکٹ منگواسکیں اس لیے ہمارے پیٹرول پمپ غیرمعینہ مدت تک بند رہیں گے اس وقت تک بند رہیں گے جب تک ہمارامطالبہ حکومت تسلیم نہیں کرتی گفتگو کے اس موقع پر تحصیل صدر چوہدری غلام مصطفی ضلعی رہنما ملک بشیر احمد اعوان سب تحصیل صدر ملک عبدالرشید اعوان صلاح الدین ایوبی ریاض احمد بھٹہ ایاز بلوچ ملک جمشید سبطین احمد خان رسول بخش ودیگر موجود تھے پیٹرولیم ایسوسی ایشن کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں اضافہ نہ کئے جانے کے خلاف پیٹرول پمپ بند کر کے ہڑتال کی جو کال دی گئی تھی بورے والا کے پیٹرول پمپ مالکان نے اس ہڑتال سے لاتعلقی کرتے ہوئے پیٹرول پمپ کھلے رکھے اور شہریوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت معمول کے مطابق جاری رکھی جس کی وجہ سے شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان ذیشان جاوید ضلع بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے متحرک ہو گئے، انہوں نے اس سلسلے میں پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن ڈیرہ غازی خان کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان شہر اورتمام تحصیلوں میں شہریوں کو پیٹرولیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے،پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن صارفین کی مشکلات کا بھی احساس کرے، ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جارہا ہے،ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا کہ حکومت پاکستان کی وزارت پیٹرولیم کے آئل ٹینکرز بھی ڈیرہ غازی خان پہنچیں گے جس سے سپلائی بہتر ہو گی،ضلع میں پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت نہیں ہونے دیں گے،شہری افواہوں میں نہ آئیں،حکومت  پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے،ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ایسوسی ایشن کے نمائندے شہریوں کو آئل کی فراہمی یقینی بنائیں، پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں تعطل نہیں ہونا چاہئے،اس موقع پر پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مفاد عامہ کی خاطر صارفین کو آئل کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔دوسری طرف ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے ضلع میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے افسران کو بھی متحرک کردیا ہے، ان کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز اصغر صدیقی نے شہر کے مختلف پیٹرول پمپس کے دورے بھی کئے،اس دوران پولیس ویلفیئر،گو آئل ملتان روڈ  اور دیگر پٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری تھی،ڈی او انڈسٹریز نے بتایا کہ پٹرول پمپس پر شہریوں کو تیل دیا جارہا ہے،شہری مطمئن رہیں،انہیں آئل کی سپلائی جاری رہے گی۔آل پاکستان پٹرولیم ایسوسی کی کال پر وہاڑی میں بھی پٹرول پمپ مالکان نے ہڑتال کردی اور  پٹرول پمپس پر قناتیں لگا کر اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے شہریوں پر پٹرول پمپس کے دروازے بندکر دیئے ہیں جس کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کے حصول کیلئے شہری ایک پمپ سے دوسرے پمپ کی طرف مارے مارے پھرتے دکھائی دیئے خصوصاً تعلیمی اداروں کے طلباء اور ملازمین کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شہریوں محمود،اعجاز،نوید،عاصم،خاور،بدر و دیگر نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داری کااحساس کرے پٹرول پمپس کی ہڑتال فوری طور پر ختم کرے بعد ازاں شام کے وقت چند پٹرول پمپس کھول دیئے گئے جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا پاکستان پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کمیشن مارجن 3 روپے 30 پیسے سے بڑھا کر 6 روپے کرنے کا مطالبہ منظور نہ ہونے پر ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک پیٹرول پمپس بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے،ایسوسی ایشن کے حکم پر کوٹ ادواور گردونواح میں بھی پٹرول پمپ بند کردئے گئے اور صبح 6 بجے سے پیٹرول پمپ مالکان نیسپلائی دینا بند کر دی اور پٹرول پمپس کے آگے قناتیں لگا کر غیر معینہ مدت تک ہڑتال کے پینافلکس آویزاں کردیے جبکہ پی ایس او،شیل، ٹوٹل اور اٹک کی جانب سے پیٹرول کی فروخت کا سلسلہ جزوی طور پر جاری رہا جہاں ایک لیٹر سے زیادہ پٹرول نہیں دیا جا رہا،دوسری جانب پیٹرول پمپ بند ہونے سے ٹرانسپورٹر،شہریوں،زمینداروں سمیت مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ معمولات زندگی بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے،دوسری طرف پٹرول پمپ کی بندش پر پٹرول ایجنسی مالکان کی لوٹ مارجاری رکھی اور2سوروپے فی لیٹر تک پٹرول فروخت کرتے رہے۔حکومت ہمارا معاشی قتل بند کرے اور پٹرول مالکان کو ریلیف دے ورنہ ہڑتال جاری رہے گی پٹرولیم ایسوسی ایشن کے صدر چودھری احمد نواز رندھاوا کا پریس کانفرنس سے خطاب انھوں نے کہا کہ حکومت میں ہمیں ریلیف دینے کا وعدہ کیا تھا مگر اب ان کا ہمارے پٹرول پمپوں پر لاکھوں روپے کے ٹیکس لگا کر ہمارے پچوں سے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین رہے ہیں انھوں نے کہا کہ پٹرول پمپ مالکان کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کر کے پچوں کا پیٹ پالنے سے قاصر ہے انھوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی تکلیف کا اندازہ ہے مگر حکومت وقت ہمیں چھ فیصد ریلیف دینے سے انکاری ہے انھوں نے کہا کہ آج حاصلپور چھونامنڈی قائم پور جمالپور اور دیگر علاقوں میں پٹرول پمپوں کی مکمل ہڑتال ہے جب تک ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہڑتال جاری رہے گی اجلاس میں چودھری محمد حیات چودھری عدنان چودھری یاسین سعید علی رضا جنید رامے محمد اسلم اور دیگر پٹرول پمپ مالکان نے شرکت کی۔پٹرولیم ڈیلرز کے کمیشن میں 6فیصد اضافہ نہ کرنے پر تحصیل حاصل پو رمیں مکمل ہڑتال تمام پٹرول پمپ بند لوگوں کو پٹرول نہ ملنے پر پریشانیوں کا سامنا پٹرول کا احتجاج۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن تحصیل حاصل پو رکے صدر چوہدری اہم نواز رندھاوا چوہدری محمد اسحاق چوہدری سلمان افتخارچوہدری محمد حیات محم دکاشف بابا محمد یعقوب عدنان افتخار چوہدری کی قیادت میں پٹرول پمپ مالکان نے حکومت کی طرف سے کمیشن 6فیصد کرنے کی یقین دہانی کروانے کے باوجود کمیشن میں اضافہ نہ کیا کیونکہ اب صرف ہمیں اڑھائی فیصد کمیشن دیا جا رہا ہے یہ اس وقت کا کمیشن ہے جب پٹرول 60روپے لیٹر تھا اب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو گنا اضافہ ہو چکا ہے اب اخراجات بھی پورے نہیں ہوتے  انہوں نے کہاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی بجلی کے بلز ٹیکسیز کی بھر مار ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات میں بھی اضافہ ہو چکا ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے کمیشن 6فیصد نہ کرنے تک ہمارا احتجاج اور ہڑتال جا رہی ہے جبکہ مبینہ طور پر غیرقانونی پٹرول فروت کرنے والے افراد مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔ملک کے دیگر شہروں کی طرح خانیوال میں بھی پیٹرول پمپ بند ہونے سے کاروبار زندگی برُی طرح متاثراور ایسے افراد جنہیں توقع نہ تھی کہ واقعی پیٹرول پمپس کی ہڑتال ہوگی ایسے افراد اپنی ضرورت کے مطابق ایڈوانس پیٹرول اپنی گاڑیوں،موٹرسائیکل،کاروں وغیرہ میں ڈلواسکے۔جس کے باعث آج اُنہیں شدید اذیت سے دوچار ہونا پڑا اور پیٹرول نہ ملنے کے باعث وہ خوار ہوتے رہے بہت سی فملیاں سواری میں پیٹرول ختم ہونے پر غیر قانونی پیٹرول ایجنسیوں جن میں سے اکثر نے گھر میں پیٹرول سٹاک کررکھا تھا شہری 300روپے لیٹرتک پیٹرول خرید نے پر مجبور۔عوامی سماجی تجارتی حلقوں نے وزیر اعظم پاکستان،وزیر اعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام سے عوامی مسئلہ کو ہنگامی بنیادوں پر حل کر وانے کا مطالبہ کیا ہے۔پٹرول پمپس  مالکان کی جانب سے کیے جانے والی ہڑتال کے باعث پٹرول وڈیزل کی بندش کافائدہ اٹھاتے ہوئے غیر قانونی ڈیزل وپٹرول ایجنسی مالکان نے  پمپوں سے کینیں اورڈرمیاں بھروا کر ایک 170روپے سے لے کر ایک 180 روپے فی لیٹر تک فروخت کرناشروع کردیا ہے جبکہ  مجبوری کے باعث موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں کے مالکان پٹرول وڈیزل خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہیں ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے کہاہے کہ ضلع بھر میں شہریوں کو پٹرول کی فراہمی کا عمل جاری ہے ضلع کی تینوں تحصیلوں لیہ،کروڑ لعل عیسن،چوبارہ میں پٹرول پمپس کھلے ہیں۔انہوں نے کہاشہریوں کو پٹرول کی بلاتعطل فراہمی کے لئے پی ایس او مالکان سے ڈی سی آفس میں میٹنگ بھی کی گئی ہے پی ایس او مالکان نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پٹرول پمپس کھلے رہے گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ سیل مینجرپی ایس او نے ٹیلی فونک گفتگو میں کہاہے کہ پٹرول کی فراہمی جاری ہے جبکہ ضلع میں دیگر پٹرولیم کمپنیزکی بندش کی بھی اطلاعات نہیں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے کہاکہ تمام تاجربرادری اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کوسہولیات کی فراہمی کے لئے شانہ بشانہ چل رہے ہیں۔آل پاکستان پیٹرولیم ایسوسی ایشن کا حکومت کی جانب سے کیمشن نہ بڑھانے پر عبدالحکیم شہر میں بھی مکمل ہڑتال صدر مہر عبدالخالق ہراج اور جنرل سیکرٹری چوہدری شوکت علی سمیت دیگر ممبران نے احتجاج کیا اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے صدر پیٹرولیم ایسوسی ایشن مہر عبدالخالق ہراج کا کہنا تھا کہ حکومت خود تو اپنے ٹیکسز تو لے رہی ہے مگر پیٹرول پمپ مالکان کو اندازہ استحصال کی جارہا ہے انہوں نے کہا کہ جب پیٹرول 50 روپے لیٹر تھا تب بھی ہمارا کمیشن 2 فیصد تھا اور اب 150 روپے پیٹرول ہوا ہے تو بھی ہمارا کمیشن 2 فیصد ہے جب تک کمیشن 6 فیصد تک نہیں بڑھایا جاتا تک غیر معینہ مدت تک پیٹرول پمپس بند رہیں گے  حکومت ہمارے کاروبار ٹھپ کرنے کے در پہ ہے ہمارے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ ریسکیو،ایمبولینسز اور مریضوں کے لئے پیٹرول مہیا کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر کی طرح عبدالحکیم میں بھی پٹرول پمپس مکمل بند رہے۔ دن بھر شہری اور مسافر خوار ہوتے رہے، پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کی کال پر عبدالحکیم و گردونواح کے درجن سے زائد پٹرول پمپس ڈیلرز نے احتجاجی کال پر پٹرول پمپس مکمل بند رکھے۔ صارفین و ضرورت مند افواہوں پر پٹرول پمپس کے چکر لگاتے رہے مگر ہر بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ادھر ضلعی، تحصیل اور مقامی انتظامیہ بھی پٹرول پمپس کھلوانے میں ناکام نظر آئی۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر لمحہ با لمحہ پھیلائی جانے والی افواہوں نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔ تمام پبلک ٹرانسپورٹ ہیوی و لائیٹ بند رہی۔ جب کہ ریل گاڑیوں پر مسافروں کا ضرورت سے بھی زیادہ رش نظر آیا۔ ذرائع کے مطابق کسی بھی صارف کو شہرونواح کے کسی بھی پٹرول پمپ سے پٹرول دستیاب نہ ہوسکا ہے۔شہریوں و متاثرین نے حکومت وقت پر عوام کو سہولیات و ضروریات کی فراہمی میں ناکامی پر شدید تنقید کرتے ہوئے وزارت پٹرولیم کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔حاصل پور آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کال پر حاصل پور میں بھی غیر معینہ مدت تک پیٹرول پمپس احتجاجی طور پر بند حکومت مطالبات تسلیم کرے پیٹرولیم ایسوسی ایشن حاصل پور ملک بھر کی طرح حاصل پور میں بھی پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومتی رویے اور مارجن کو 6 فیصد نہ کرنے پر پمپس کو بند کر دیا ہے یونین صدر احمد نواز رندھاوا کا کہنا تھا کہ پچھلی بار پانچ نومبر کو ہڑتال کی کال کے بعد حکومت نے ہمیں مطالبات پورے ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی مگر ابھی تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے ہیں گذشتہ 13 سالوں سے حکومت نے ہمارا پرافٹ مارجن ایک جگہ فکس کیا ہوا ہے۔ ہم حکومت سے پچھلے پانچ سالوں سے درخواست کر رہے ہیں کہ پیٹرول پمپس چلانے کی لاگت میں بے حد اضافہ ہوگیا ہے جس میں بڑھتے ہوئے بجلی کے نرخ بھی شامل ہیں۔ حکومت نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ مہنگائی کے ریٹ کے مطابق ہمارا پرافٹ مارجن ہر دو سال میں بڑھایا جائے گا۔ مگر پچھلے سات سالوں سے اس میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے دیگر پیڑول پمپ مالکان عدنان افتخار رضوان خادم گل عرفان بھٹی کا کہنا تھا کہ حکومت نے حال ہی میں پیٹرول کی قیمت میں 85 پیسے اور ڈیزل میں 65 پیسے کا اضافہ کیا ہے، جو اس قدر کم ہیں کہ نہ ہی بڑھاتے تو بہتر تھا۔ ہمارا نقصان تو جوں کا توں ہی ہے ریٹیلیرز کے لیے پیٹرول پر پرافٹ مارجن تین روپے 90 پیسے فی لیٹر ہے جس میں سے ٹیکس اور لائسنس فیس نکالنے کے بعد تین روپے 10 پیسے فی لیٹر بچتے ہیں، اور اسی طرح سے ڈیلرز کے پرافٹ مارجن میں بھی ٹیکس اور لائسنس فیس کی کٹوتی کے بعد ان کا منافع بھی تین روپے 10 پیسے سے کم ہوکر دو روپے 75 پیسے رہ جاتا ہے۔حکومت نے ہمارے پرافٹ مارجن کو اس وقت فکس کیا ہوا ہے۔ پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود بھی ہمارا پرافٹ مارجن وہی رہتا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت ہمارے پرافٹ مارجن پانچ سے چھ فیصد کر دے تاکہ پیٹرول کی قیمت کے حساب سے ہمارا پرافٹ مارجن بھی بڑھے اور ہمارا خسارا کم ہو۔ آنے والے دنوں میں پیٹرول کی قیمتوں میں ویسے ہی اضافہ ہونا ہے، ہمارا مارجن بڑھانے سے پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی بہت اضافہ نہیں ہوگا۔جس کے باعث ہر ماہ پیٹرول پمپس کو تین سے چار لاکھ روپے کا نقصان ہوتا ہے حکومت مہنگائی کے دور میں ہمارے جائز مطالبات مانے اور ایسی پالیسیاں لے کر جس سے سب کا فائدہ ہو.پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کال پربیشترپیٹرول پمپس مالکان نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بنداور قناعتیں لگا کر پمپس مکمل سیل کردئیے شہر میں پٹرول کی بلیک پر فروخت جاری جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کرایے بھی بڑھا دیئے گئے شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ منی پٹرول پمپس کے خلاف فوری ایکشن لے پی پی پی کے شبلی شب خیز غوری نے کہا کہ شہر میں پیٹرول کی کھلم کھلا لوٹ سیل لگی ہے انتظامیہ من مانے کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے۔

مزید :

صفحہ اول -