چکدرہ،گل آباد میں انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف آپریشن

چکدرہ،گل آباد میں انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف آپریشن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چکدرہ(تحصیل رپورٹر) گل آباد میں انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف آپریشن، شہریوں کااحتجاج، میں جی ٹی روڈ تین گھنٹے تک ٹریفک کے لئے بند رکھا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گل آباد میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات مسمار کرنے کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے میں جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لئے بند رکھاجس کے سبب تین گھنٹوں تک ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل رہی،انجمن تاجراں کے صدر خواجہ فیض الغفور اور قاری محمد نذیر سمیت دیگر مظاہرین نے سخت تشویش اور غم وغصے کااظہار کیااور الزام لگایاکہ انتظامیہ نے بغیر نوٹس دیئے رات کی تاریکی میں آپریشن کرکے عمارتوں کو مسمار کردیاہے جس میں غریب شہریوں کا بہت سارا قیمتی سامان ضائع ہوگیااور یہ ظلم کی انتہاہے، انہوں نے کہاکہ سڑک کشادگی کے لئے جو حدود مقرر کئے گئے تھے انتظامیہ نے اس سے بھی تجاوز کیاہے،انہوں نے حکومت، منتخب عوامی نمائندوں اور انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے تجاوزات میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیاہے، دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر آدینزئی عباس آفریدی نے شہریوں کے الزامات یکسر مسترد کرتے ہوئے کہاکہ انہیں دوماہ قبل نوٹس دیکر خبردار کیاگیاتھا، انہوں نے کہاکہ تجاوزات گرانااور ہٹاناانتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور سب کچھ قانون کے دائرے میں رہ کر عوام کی سہولت کے لئے کیاجارہاہے،اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں کااحتجاج بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہاکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن ہر صورت مکمل کیاجائے گا۔