اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز اورشاہد خاقان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف عدلیہ کو سکینڈلائز کرنے کے متعلق دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف عدلیہ کو سکینڈلائز کرنے کے الزام پردرخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے درخواست گزار وکیل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو کہ اب سنا دیا گیاہے، عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی ۔ عدالت کا فیصلے میں کہناتھا کہ سابق چیف جسٹس پر محض تنقید توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آتی۔
اس سے قبل دوران سماعت درخواست گزار کا کہناتھا کہ ثاقب نثار کے خلاف جو باتیں پریس کانفرنس میں ہوئیں وہ توہین عدالت ہے ، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جو خود متاثرہ ہے وہ بھی ہتک عزت کا دعویٰ کر سکتا ہے ،ریٹائرڈ آدمی کی توہین نہیں ہوتی ، چاہے ریٹائرڈ ہونے والا چیف جسٹس ہی کیوں نہ ہو۔
درخواست گزار نے کہا کہ انصار عباسی والا شوکاز نوٹس کیس بھی آپ کے پاس ہے ، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وہ الگ کیس ہے ، اس کے ساتھ نہ ملائیں ،تنقید سے متعلق ججز اوپن مائینڈ ہوتے ہیں ، ججز اونچی پوزیشن پر ہوتے ہیں ، تنقید کو ویلکم کرنا چاہیے ۔