ڈسکہ الیکشن میں دھاندلی کرانے والے ذمہ داروں کو بےنقاب کیا جائے ، شہباز شریف نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے الیکشن کمیشن سے ڈسکہ انتخابات میں دھاندلی کرانے والے ذمہ داروں کو بے نقاب کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔
اپنے خط میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے لکھا کہ این اے 75 سیالکوٹ ضمنی الیکشن سے متعلق رپورٹس جاری ہوچکی ہیں، پریذائیڈنگ افسران، انتخابی عملہ، ڈی سی اور ڈی پی او سیالکوٹ مس کنڈکٹ کے مرتکب پائے گئے ، ملوث افراد نے نتائج کو حکومت کے حق میں موڑنے کے لیے انتخابی عمل پامال کیا۔
شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ الیکشن چوری میں ملوث عملے کے خلاف کارروائی کی جائے ،انتخابی دھاندلی کرانے والے وفاقی اور صوبائی حکومت کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیاجائے ، ڈسکہ الیکشن کےملوث پائے گئے افسران وعملہ کے خلاف عدالت میں شکایات دائر کی جائیں ۔
خط میں کہا گیا کہ سیکشن 184، 186 اور187 کے تحت ذمہ دارو ں کے خلاف سزا کا عمل شروع کیاجائے ،سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ایکٹ، رولز، ضابطہ اخلاق، طریقہ کار میں ترامیم کی جائیں ۔