مسلم لیگ ن کا مبینہ آڈیو لیک معاملہ دیگر جماعتوں سے مل کر ہر سطح پر اٹھانے کا فیصلہ ، نجی ٹی وی کا دعویٰ
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ ن نے آڈیو لیک معاملے کو دیگر جماعتوں سے مل کر ہر سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ، مسلم لیگ ن دیگر جماعتوں سے مل کر آڈیو لیک کی اعلیٰ سطح پر انکوائری کی مہم چلائے گی ۔
نجی ٹی وی ہم نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف نے پارٹی کو آڈیو لیک معاملے کوہر سطح پر اٹھانے کی ہدایت کی ہے اس ضمن میں وکلا تنظیموں،سول سوسائٹی،پارلیمنٹرین،مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ن لیگی رہنماؤں کو اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے ۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ مسل لیگ ن کے صدر شہباز شریف چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو اعتماد میں لیں گے، شاہد خاقان عباسی،احسن اقبال اور امیر مقام اے این پی سے بات کریں گے، سردار ایاز صادق بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جماعت اسلامی سے رابطہ کرنےکی ذمہ داری خواجہ سعد رفیق کو تفویض کی گئی ہے ۔