’پی ڈی ایم کا شیرازہ جلد بکھر جائے گا‘ غلام سرور خان نےایک بار پھر بڑا دعویٰ کردیا 

’پی ڈی ایم کا شیرازہ جلد بکھر جائے گا‘ غلام سرور خان نےایک بار پھر بڑا دعویٰ ...
’پی ڈی ایم کا شیرازہ جلد بکھر جائے گا‘ غلام سرور خان نےایک بار پھر بڑا دعویٰ کردیا 
سورس: File Photo

  

واہ کینٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے ایک بار پھر بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کا شیرازہ جلد بکھر جائے گا ،موجودہ حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ اگلے پانچ سالوں میں بھی ملک و قوم کی خدمت کریگی۔

گورنمنٹ گرلزڈگری کالج کےسنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی ایجنڈا نہیں وہ صرف اپنے مفادات کی سیاست کر رہی ہے،ملکی دولت لوٹنے والوں سے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا،قوم بخوبی آگاہ ہے کہ کون انڈیا کا یار ہے اور کس کا انڈیا میں کاروبار ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پر الزام تراشیاں کرنے والوں کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے ،کہ آج تک انھوں نے بھارت کے خلاف کبھی آواز بلند نہیں کی،الٹا اپنے دور حکومت میں انھوں نے سارا ملبہ پاکستان پر ڈال دیا،آج وہ محب وطن بنے پھرتے ہیں۔

وفاقی وزیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح وبہبودکےلئے کوشاں ہے، تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،مہنگائی سب سے بڑا چیلنج ہے، اس پرقابو پانےکےلئےحکومت ترجیح بنیادوں پر کام کر رہی ہے،مہنگائی کااثر کم کرنے کے لیے حکومت نے پہلے 262ارب روپے احساس کفالت پروگرام میں رکھے، اب 130 ارب روپے مزید رکھ دیے ہیں،اس وقت حلقہ بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں جبکہ دو ڈگری کالجز،ٹیکسلا میں ایک نئے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا قیام اور متعدد تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کر دی گئی ہے، مذکورہ ہائی سکول کو ہم نے ہی ہائر سکینڈری کا درجہ دیا تھا، آج اللہ تعالیٰ نے ہمیں پھر سرخرو کیا اور آج ہم گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں،اگلے دو سالوں میں مزید اربوں روپے کے حلقہ کے اندر ترقیاتی کام ہونگے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -اٹک -