فیفا ورلڈ کپ، انگلش مداحوں کے سٹیڈیم میں صلیبی جنگجوؤں کا لباس پہننے پر پابندی
دوحہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) فٹ بال کی عالمی باڈی فیفا نے انگلینڈ کے مداحوں کے قطر میں جاری فٹ بال کے دوران صلیبی جنگجوؤں والا لباس پہن کر سٹیڈیم میں داخل ہونے پر پابندی عائد کردی۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایران کے خلاف میچ کے دوران انگلینڈ کے چند شائقین صلیبی ملبوسات پہنے ہوئے دیکھے گئے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ تاریخی وجوہات کی بنا پر مسلم ممالک میں صلیبی ملبوسات پر پابندی ہے۔ مسلم ممالک میں، یہ 11ویں سے 13ویں صدی میں یروشلم اور اس کے آس پاس کے علاقوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والے عیسائیوں کے پرتشدد حملے کی ایک دردناک تاریخ کی یاد دلاتا ہے۔
انگلینڈ کے شائقین اس سے قبل کھیلوں کے دیگر مقابلوں میں شرکت کے دوران اسی طرح کے لباس پہن چکے ہیں۔ لیکن جب ایران کے خلاف انگلینڈ کے فیفا ورلڈ کپ کے میچ میں کئی لوگ صلیبی ملبوسات میں آئے تو حکام نے انہیں واپس بھیج دیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صلیبی لباس میں ملبوس مداحوں کو سیکیورٹی اہلکار سٹیڈیم سے باہر لے کر جا رہے ہیں۔
فیفا کے ترجمان نے کہا کہ 'عرب یا مشرق وسطیٰ کے تناظر میں ان ملبوسات کو جارحانہ سمجھا جا سکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ انہیں سٹیڈیم میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔'